چوپایہ
اپنے بابا جانی کی یاد میں
انجم سلیمی
پوٹہ پوٹہ ،انگلی انگلی
میں ہاتھوں پیروں سے چلنا سیکھ رہا ہوں
بابا جانی
تو نے میرا ہاتھ پکڑ کر
پیروں پر چلنا تو بتایا
پر ہاتھوں سے چلنے کی محنت نہ سکھائی
میں تیرا شہزادہ تھا
پر اس دنیا کا خادم ہوں
پیٹھ پہ اس کا بوجھ اٹھا کر چلنا کتنا بھاری ہے
سوئے ہوئے بابا کی مٹی
دیکھ سکے تو دیکھ مُجھے
کبڑا ہوتا جاتا ہوں
رزق اور چابک والا ہاتھ مرا مالک ہے
اسی لئے تو
دو ہاتھوں اور دو پیروں سے چلنا سیکھتا جاتا ہوں
چوپایہ ہونے میں ایک سہولت ہے
اب میں قدرے آسانی سے
دنیا اور دنیا داری کا بوجھ اٹھا کے چل سکتا ہوں
انجم سلیمی