انعام اللہ خاں یقین

شاعر

تعارف شاعری

نہیں ہوں منکر مۓ ، اہل مے خانے سے کہہ دیجو

نہیں ہوں منکر مۓ ، اہل مے خانے سے کہہ دیجو
نہیں کی جی سے میں نے تو بہ پیمانے سے کہہ دیجو
جو کرنا ہے تو اپنی فکر کر لے، نو بہار آئی
خدا کے واسطے یہ بات دیوانے سے کہہ دیجو
کوئی یہ چاند سا منھ چھوڑ کر عاشق ہو شعلہ کا
گزر آتش پرستی سے ، یہ پروانے سے کہہ دیجو
رکھا ہے گھیر، ان شہری غزالوں نے میرے دل کو
پھنسا ہوں اب تو بستی میں یہ ویرانے سے کہہ دیجو
کیا سجدہ، یقیں نے دیکھ اس محراب ابرو کو
برہمن تو رہا مسجد میں، بت خانے سے کہہ دیجو

انعام اللہ خاں یقین