منیر نیازی 19 اپریل 1928ء کو ہوشیار پور کے قصبہ خان پور کے اک پشتون گھرانے میں پپدا ہوئے۔ ان کے والد محمد فتح خان محکمۂ انہار میں ملازم تھے لیکن خاندان کے باقی لوگ فوج یا ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے وابستہ تھے۔ منیر ایک سال کے تھے جب ان کے والد کا انتقال ہو گیا۔ ان کی پرورش ماں اور چچاؤں نے کی۔ ان کی والدہ کو کتابیں پڑھنے کا شوق تھا اور ان ہی سے ادبی مذاق منیر نیازی میں منتقل ہوا۔ لڑکپن سے ہی منیر کو جب بھی کوئی چیز حیران کرتی تھی وہ اسے شعری واردات میں تبدیل کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ شروع میں انھوں نے نظم اور غزل کے علاوہ کچھ افسانے بھی لکھے تھے جن کو بعد میں انھوں نے مسترد کر دیا