راشد ڈوگر

شاعر

تعارف شاعری

میں ہی ساگر جس کے بھیتر میں ہی ڈوبا یار

میں ہی ساگر جس کے بھیتر میں ہی ڈوبا یار
میں ہی کشتی میں ہی ماجھی میں ہی ہوں پتوار
میں ہی میداں میں ہی یورش میں ہی ہوں یلغار
میں ہی قاتل میں ہی لاشہ میں ہی ہوں تلوار
میں ہی دھرتی میں ہی پربت میں ہوں نیل آکاش
میں ہی تارا میں ہی لو ہوں میں ہی ہوں اندھیار
میں ہی جنگل میں ہی سورج میں ہی ہوں آباد
میں ہی شیر ہوں میں ہی آہو میں ہی ہوں رفتار
میں ہی مومن میں ہی منکر میں ہی ہوں نادان
میں ہی چوکس میں ہی غافل میں ہی ہوں ہشیار
میں ہی سویا میں ہی جاگا میں ہی ہوں اک خواب
میں ہی ہارا میں ہی جیتا میں ہی ہوں بیوپار
میں ہی دھوکا میں ہی موقع میں ہی ہوں ایمان
میں ہی وعدہ میں ہی عہدہ میں ہی ہوں اقرار
میں ہی رستہ میں ہی راہی میں ہی ہوں آغاز
میں ہی منزل میں ہی کھوجی میں ہی ہوں اسرار

راشد ڈوگر