یہ کس نے میرے خیال باندھے؟ کمال باندھے!
جھکی نگاہیں تو بال باندھے، کمال باندھے !
یہ کون سانسوں میں گُھل رہا ہے گلاب جیسے؟
یہ کون خوشبو کے جال باندھے؟ کمال باندھے !
یہ کون خوں سا رواں دواں ہے رگوں میں میری؟
یہ کس نے ماضی و حال باندھے، کمال باندھے!
یہ کس کے ہوتے وجودِ ہستی یوں تیرتا ہے؟
یہ کون دریا کی چال باندھے؟ کمال باندھے!
یہ کس کے دم سے جُنوں کا پہرہ دلیل پر ہے؟
یہ کون سارے سوال باندھے؟ کمال باندھے!
یہ کس نے بےخوف یوں کیا ہے اجل سے مجھ کو؟
یہ کون رستے میں ڈھال باندھے؟ کمال باندھے!
یہ کس سے ہو کے جدا میں روتا ہوں یوں ازل سے؟
کہ مجھ کو رکھے ملال باندھے، کمال باندھے!
میں جانتا ہوں کہ کس کے کارن میں تڑپوں ہر دم!
کہ دل کی دھڑکن دھمال باندھے، کمال باندھے!
راشد ڈوگر