کس طرح کہہ دوں کہ اصلاً مَیں تھا!
یہ حقیقت ہے، مجازاً مَیں تھا
تُو یہ جس تخت پہ آ بیٹھا ہے
اس کا حقدار اُصولاً مَیں تھا
ہے کوئی جو مری تصدیق کرے؟
حَلَفاً کہتا ہوں ضمناً، مَیں تھا
سبھی ناراض تھے کل شب مجھ سے
اور اُن سب میں خصوصاً مَیں تھا
یہ الگ بات دِکھائی نہ دیا
ہاں! ترے ساتھ عموماً مَیں تھا
خاک در خاک نہ ڈھونڈا اُس نے
جسم کے بعد صریحاً مَیں تھا
وہ جو گزرا تھا گماں کے مانند؟
کیسی تشکیک! یقیناً مَیں تھا
بیچ دیوار تھی شرقاً غرباً
وہ شمالاً تھا، جنوباً مَیں تھا
یاد رکھا گیا جس کو: تم تھے
جو بھلایا گیا فوراً : مَیں تھا
سعید شارق