ان کو اپنا بنا کے دیکھ لیا
دل سے سب کچھ بھلا کے دیکھ لیا
رات کانٹوں پہ بھی بسر کر لی
لطف گل بھی اٹھا کے دیکھ لیا
ان کو پہلوئے غیر میں پا کر
دل بھی اپنا جلا کے دیکھ لیا
اپنا بھی امتحاں لیا ہم نے
ان کو بھی آزما کے دیکھ لیا
رہی دل کی خلش وہی ساحرؔ
پس پردہ بھی جا کے دیکھ لیا
ساحر بھوپالی