میں نے ایک گھوڑے کو مرتے ہوئے دیکھا
مرتے ہوئے گھوڑے نے کیا دیکھا
تارکول کی سڑک
اڑتا ہوا کاغذ یا ایک سکہ جو بچے کے ہاتھ سے گر پڑا تھا
یا وہ جنگل جہاں پانی اور پرندوں کے ساتھ اس نے
آنکھ کھولی تھی
یا وہ دن جب پہلے آدمی نے اسے دیکھا تھا
ایک گلے سڑے ڈھانچے پر بارش ہوگی
گھوڑا اک اور جنم لے گا
گاڑی بان کے دل میں
یا کسی نظم میں
ثروت حسین