ثروت حسین

شاعر

تعارف شاعری

کوئل کوکو کرتی ہے اور پتے رنگ بدلتے ہیں

کوئل کوکو کرتی ہے اور پتے رنگ بدلتے ہیں
ایسے موسم میں شہزادے اٹھ کر نیند میں چلتے ہیں
آدھے سیارے پر پانی برس گیا نغمات لئے
آدھے سیارے کے منظر اب بھی آگ میں جلتے ہیں
یہ مٹی کے کورے مٹکے ان میں پانی رکھا ہے
یہ پھولوں کے گہوارے ہیں ان میں بچے پلتے ہیں
باغ بھی چپ فوارہ بھی چپ کیسا عجب سناٹا ہے
کھینچے جو آزار دلوں نے کب نغمات میں ڈھلتے ہیں
توسن شعر ہمارے حق میں تخت سلیماں ہے ثروتؔ
جن و ملائک پایا تھامے آگے آگے چلتے ہیں

ثروت حسین