فرحت عباس شاہ

شاعر

تعارف شاعری

دلِ سوختہ

دلِ سوختہ
کبھی بول بھی
جو اسیر کہتے تھے خود کو تیری اداؤں کے وہ کہاں گئے
جو سفیر تھے تیر ی چاہتوں کی فضاؤں کے وہ کہاں گئے
وہ جو مُبتلائے سفر تھے تیرے خیال میں
وہ جو دعویدار تھے عمر بھر کی وفاؤں کے وہ کہاں گئے
کبھی کوئی راز تو کھول بھی
کبھی بول بھی
دلِ نا خدا
کبھی بول بھی
جو تیرے سفینۂ دار و غم کے سوار تھے
جو تیرے وظیفۂ چشمِ نم پہ نثار تھے
وہ جو ساحلوں پہ اُ تر گئے تو پھر اُس کے بعد پلٹ کے آئے کبھی نہیں
تیری لہر لہر پہ جن کے نقش و نگار تھے
کسی دن ترازوئے وقت پر
اُنہیں تول بھی
کبھی بول بھی
وہ جو تیرے نغمۂ زیرو بم کے امین تھے
جو تیرے طفیل بلندیوں کے مکین تھے
و ہ جو معترف تھے تیری نگاہِ نیاز کے
تمھیں جن پہ سو سو یقین تھے
وہ چکا گئے تیرا مول بھی
کبھی بول بھی
کبھی بول بھی،
دلِ سوختہ!
دلِ نا خدا!
دلِ بے نوا!
کبھی بول بھی _

فرحت عباس شاہ