نظم 10 اشعار

سراب

Saraab

میں جہاں تھاوہاں تیرگی تھی خموشی تھی افسردگی تھی

مرے کان نغموں سے محروم تھےسسکیاں میرے ہونٹوں کی میراث تھیں

میری آنکھیں کسی سیل پر نور کی منتظر تھیںمری زندگی راکھ کا ڈھیر تھی

میں یہاں آ گیااس طرح خلد میں

اس مسلسل اذیت سے کاہش سے بچنے کی خاطرکہ جس سے فقط ایک میں ہی نہیں

میرے جیسے کئی اور بھی جاں بلب تھےترا خلد میرے لیے

میرے جیسے کئی دوسروں کے لیےروشنی نغمگی سر خوشی کی علامت تھا یہ!

میں جہاں ہوںوہاں تیرگی ہے خموشی ہے افسردگی ہے

مرے کان نغموں سے محروم ہیںسسکیاں میرے کانوں کی میراث ہیں

میری آنکھیں کسی سیل پر نور کی منتظر ہیںمیری زندگی راکھ کا ڈھیر ہے!

— احمد راہی

فرہنگ

کاہش — تھکاوٹ، رنج و تکلیف
جاں بلب — موت کے قریب، نیم جان
سیل پر نور — روشنی کا سیلاب

تشریح

اس نظم میں شاعر ایک ایسی حالتِ یاس بیان کرتا ہے جہاں تاریکی، خاموشی اور افسردگی نے زندگی کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ وہ اس مسلسل اذیت سے بچنے کے لیے کسی ایسی جگہ جا پہنچا جسے وہ روشنی اور سرخوشی کی علامت سمجھتا تھا، مگر اب اسے معلوم ہوتا ہے کہ وہاں کا حال بھی ویسا ہی ہے۔

نظم کا لہجہ دکھ اور مایوسی سے بھرا ہوا ہے۔ شاعر کے مطابق امید کی وہ جگہ بھی سراب ثابت ہوئی، اور اس کی سسکیاں اور منتظر آنکھیں آج بھی اسی طرح باقی ہیں۔ عنوان 'سراب' اسی مرکزی خیال کی طرف اشارہ کرتا ہے۔