غزل 6 اشعار

غم دل کو بہار بے خزاں کہنا ہی پڑتا ہے

Gham-e-dil ko bahaar-e-be-khizan kahna hi padta hai

غم دل کو بہار بے خزاں کہنا ہی پڑتا ہےمحبت کو حیات جاوداں کہنا ہی پڑتا ہے

نگاہیں حال دل کی ترجمانی کر ہی دیتی ہیںخموشی کو بھی اک دن داستاں کہنا ہی پڑتا ہے

غبار راہ رہ جاتا ہے پیچھے چھوٹ کر لیکناسے پھر بھی نشان کارواں کہنا ہی پڑتا ہے

یہ مانا وہ جفا پرور ہے ظالم ہے ستم گر ہےمگر پھر بھی اسے آرام جاں کہنا ہی پڑتا ہے

برا ہو یا بھلا اک آسرا ہے سر چھپانے کابہ ہر صورت قفس کو آشیاں کہنا ہی پڑتا ہے

کسی کو جب وہ میرے درد کا قصہ سناتے ہیںسعیدؔ اس کو حدیث دیگراں کہنا ہی پڑتا ہے

— سعید شہیدی

فرہنگ

بہار بے خزاں — ہمیشہ قائم رہنے والی بہار
حیات جاوداں — ہمیشہ کی زندگی
جفا پرور — ظلم و ستم کو پسند کرنے والا

تشریح

اس غزل میں شاعر نے عشق کی مجبوریوں کو بیان کیا ہے کہ محبوب کے ہر رویے کو، خواہ وہ ظلم ہو یا جفا، دل کو مان لینا پڑتا ہے۔ غم کو بہار بے خزاں اور محبت کو حیات جاوداں کہنا دل کی مجبوری ہے۔ لہجہ سادہ، درد میں ڈوبا ہوا اور تسلیم و رضا کا ہے۔ مقطع میں شاعر کہتا ہے کہ جب محبوب کسی اور سے اس کے درد کا قصہ سناتا ہے تو اسے دوسروں کی بات کہنا ہی پڑتا ہے، یعنی بے بسی اور شکوے کا پہلو نمایاں ہے۔