کون ہے راجہ کون ہے رانی
کون ہے راجہ کون ہے رانی
جھوٹی ہے سب پریم کہانی
کیا کہئے اب پریم کہانی
ہائے زمانہ ہائے جوانی
حسن و جوانی دونوں فانی
ایک فسانہ ایک کہانی
تیری حقیقت راز ہی اب تک
کس نے اپنی ذات ہی جانی
کیا ہے باطن کیا ہے ظاہر
کون ہے باقی کون ہے فانی
امرت رس ہیں ان کی باتیں
مدرا کا مدھ ان کی جوانی
مدت گزری دل کو لٹائے
کیا چھیڑیں اب بات پرانی
مردہ دل میں کیوں آس آئے
کیا دیں سوکھے دھان کو پانی
جیسی گزری اچھی گزری
کیا دہرائیں رام کہانی
دے ہی دیا ناشادؔ انہیں دل
تم نے کسی کی ایک نہ مانی
ناشاد کانپوری