غزل 9 اشعار

اکیلا گھر ہے کیوں رہتے ہو کیا دیتی ہیں دیواریں

Akela ghar hai kyun rahte ho kya deti hain deewaren

اکیلا گھر ہے کیوں رہتے ہو کیا دیتی ہیں دیواریںیہاں تو ہنسنے والوں کو رلا دیتی ہیں دیواریں

انہیں بھی اپنی تنہائی کا جب احساس ہوتا ہےتو گہری نیند سے مجھ کو جگا دیتی ہیں دیواریں

بجھے ماضی کا کھلتے حال سے رشتہ عجب دیکھاکھنڈر خاموش ہیں لیکن صدا دیتی ہیں دیواریں

ہوا کے زخم سہہ کر بارشوں کی چوٹ کھا کھا کرچھتوں کو روزنوں کو آسرا دیتی ہیں دیواریں

رہوں گھر میں تو میرے سر پہ چادر تان دیتی ہیںسفر پر جب نکلتا ہوں دعا دیتی ہیں دیواریں

جو چلنا ہی نہ چاہے روک لیتے ہیں اسے ذرےبگولوں کو سفر میں راستہ دیتی ہیں دیواریں

وہ ساری گفتگو جو بند کمروں ہی میں ہوتی ہےمیں جب باہر سے آتا ہوں سنا دیتی ہیں دیواریں

اترتی اور چڑھتی دھوپ کی پہچان ہے ان کوابھی دن کتنا باقی ہے بتا دیتی ہیں دیواریں

متینؔ اس چلچلاتی دھوپ میں سایہ انہی سے ہےمیں جب بھی ٹوٹتا ہوں حوصلہ دیتی ہیں دیواریں

— غیاث متین

فرہنگ

روزنوں — کھڑکیوں اور روشن دانوں کے سوراخ
بگولوں — گھومنے والی تیز ہوا کے بھنور
چلچلاتی دھوپ — تیز اور جلانے والی دھوپ

تشریح

اس غزل میں شاعر نے دیواروں کو ایک زندہ اور حساس ہستی کے طور پر پیش کیا ہے جو تنہائی، سفر اور دھوپ کے دوران انسان کا ساتھ دیتی ہیں۔ شاعر کا لہجہ نرم اور تاثراتی ہے، جس میں دیواروں سے ایک قریبی رشتہ جھلکتا ہے۔ مثلاً مقطع میں وہ کہتے ہیں کہ چلچلاتی دھوپ میں سایہ انہی دیواروں سے ہے اور جب وہ ٹوٹنے لگتے ہیں تو یہی دیواریں حوصلہ دیتی ہیں۔ کئی اشعار میں دیواروں کا کردار ایک شفیق محافظ جیسا دکھایا گیا ہے۔