نظم 9 اشعار

آدم نو کا ترانۂ سفر

Aadam-e-Nau Ka Tarana-e-Safar

فریب کھائے ہیں رنگ و بو کے سراب کو پوجتا رہا ہوںمگر نتائج کی روشنی میں خود اپنی منزل پہ آ رہا ہوں

جو دل کی گہرائیوں میں صبح ظہور آدم سے سو رہی تھیںمیں اپنی فطرت کی ان خدا داد قوتوں کو جگا رہا ہوں

میں سانس لیتا ہوں ہر قدم پر کہ بوجھ بھاری ہے زندگی کاٹھہر ذرا گرم رو زمانے کہ میں ترے ساتھ آ رہا ہوں

جہاز رانوں کو بھی تعجب ہے میرے اس عزم مطمئن پرکہ آندھیاں چل رہی ہیں تند اور میں اپنی کشتی چلا رہا ہوں

طلسم فطرت بھی مسکراتا ہے میری افسوں طرازیوں پربہت سے جادو جگا چکا ہوں بہت سے جادو جگا رہا ہوں

یہ مہر تاباں سے کوئی کہہ دے کہ اپنی کرنوں کو گن کے رکھ لےمیں اپنے صحرا کے ذرے ذرے کو خود چمکنا سکھا رہا ہوں

مرا تخیل مرے ارادے کریں گے فطرت پہ حکمرانیجہاں فرشتوں کے پر ہیں لرزاں میں اس بلندی پہ جا رہا ہوں

یہ وہ گھروندے ہیں جن پہ اک دن پڑے گی بنیاد قصر جنتنہ سمجھیں سکان بزم عصمت کہ میں گھروندے بنا رہا ہوں

یہ ناز پروردگان ساحل ڈریں ڈریں مری گرم رو سےکہ میں سمندر کی تند موجوں کو روندتا پاس آ رہا ہوں

— جمیل مظہری

فرہنگ

گرم رو — تیز رفتار، تیزی سے چلنے والا
افسوں طرازیوں — جادو بیانی، جادو گری کے کام
ناز پروردگان — نازوں سے پلے ہوئے لوگ

تشریح

اس نظم میں شاعر انسان کے ارادے، جدوجہد اور اپنی فطری قوتوں کو بیدار کرنے کے جذبے کو بیان کرتا ہے۔ وہ رنگ و بو کے فریب سے نکل کر اپنی منزل کی طرف بڑھتا ہے اور طوفانوں کے باوجود اپنی کشتی چلاتا رہتا ہے۔

لہجہ پرجوش اور پراعتماد ہے۔ شاعر زمانے کو ٹھہرنے کو کہتا ہے کیونکہ وہ اس کے ساتھ آ رہا ہے، اور کہتا ہے کہ اس کا تخیل اور ارادہ فطرت پر حکمرانی کریں گے۔

نظم کا یہ مصرع نمایاں ہے کہ میں اپنے صحرا کے ذرے ذرے کو خود چمکنا سکھا رہا ہوں، جس میں خود اعتمادی اور عمل کی قوت کا اظہار ہے۔