غزل 13 اشعار

ہمارا تو کوئی سہارا نہیں ہے

Hamara to koi sahara nahin hai

ہمارا تو کوئی سہارا نہیں ہےخدا ہے تو لیکن ہمارا نہیں ہے

محبت کی تلخی گوارا ہے لیکنحقیقت کی تلخی گوارا نہیں ہے

مری زندگی وہ خلا ہے کہ جس میںکہیں دور تک کوئی تارا نہیں ہے

خدا کیا خودی کو بھی آواز دی ہےمصیبت میں کس کو پکارا نہیں ہے

سراب اک حقیقت ہے آب اک تصوریہی زندگی ہے تو چارا نہیں ہے

ہم اپنی ہی آنکھوں کا پردہ الٹ دیںحقیقت کو یہ بھی گوارا نہیں ہے

وہ کیا ان کے گیسو سنوارے گا جس نےگریباں بھی اپنا سنوارا نہیں ہے

خدا اس سے نپٹے تو نپٹے کہ یہ دلہمارا نہیں ہے تمہارا نہیں ہے

نظر ان کی گوشہ نشیں ہے حیا سےاشارا نہیں یہ اشارا نہیں ہے

ہمارا ہے کیا جب ہمارا ارادہہمارا ہے لیکن ہمارا نہیں ہے

گریباں بہت سے ہوئے پارہ پارہنقاب ایک بھی پارہ پارا نہیں ہے

کسی کے لیے دل کو سلگا کے دیکھوجہنم کوئی استعارا نہیں ہے

بجز مظہریؔ کے سبھی بزم میں ہیںوہی تیرے وعدوں کا مارا نہیں ہے

— جمیل مظہری

فرہنگ

سراب — دھوکا، ریگستان میں پانی کا فریب
گوشہ نشیں — الگ تھلگ بیٹھنے والا، تنہائی پسند

تشریح

اس غزل میں شاعر اپنی بے سہارا حالت اور دنیا کی تلخ حقیقت کا بیان کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ خدا تو موجود ہے مگر اسے اپنا نہیں سمجھتا، اور زندگی کو ایک ایسا خلا قرار دیتا ہے جس میں کوئی امید کا تارا نہیں چمکتا۔ لہجہ شکایت، دکھ اور طنز کا ہے، جو محبت کی تلخی کو گوارا کرنے اور حقیقت کی تلخی کو ناگوار سمجھنے والے شعر میں نمایاں ہے۔ شاعر حقیقت اور تصور کے فرق کو سراب اور آب کی مثال سے واضح کرتا ہے۔