غزل 13 اشعار

گر کہوں مطلب تمہارا کھل گیا

Gar kahun matlab tumhara khul gaya

گر کہوں مطلب تمہارا کھل گیاکہتے ہیں اچھا ہوا کیا کھل گیا

غیر کی قسمت کی کھانی ہے قسمبند تھا دروازہ ان کا کھل گیا

تم کھلے بندوں ملو اغیار سےشکر پاؤں اب تمہارا کھل گیا

آ گئی بے پردہ وہ صورت نظرآنکھ کی جب بند پردا کھل گیا

غیر سے اب بند ہو کس بات پرگالیوں پر منہ تمہارا کھل گیا

کھل گیا حال اس دل بے تاب کامنہ دوپٹے سے جو ان کا کھل گیا

ہوں اشارے غیر سے اور دیکھوں میںبیت ابرو کا بھی معنا کھل گیا

نامہ بر! تیرے چھپانے سے مجھےاپنی قسمت کا نوشتہ کھل گیا

دل کی بے تابی نے رسوا کر دیاہائے سب پر راز اپنا کھل گیا

نامہ بر! گر غیر نے دیکھا نہیںکیسے پھر خط کا لفافا کھل گیا

قدرت حق سے بڑھی عشرت کی شبشب جو اس کافر کا جوڑا کھل گیا

دیکھیے کیا دل سے دل کو راہ ہےراز جو تم نے چھپایا کھل گیا

جو نہ کہنا تھا کہا سب کچھ نظامؔراز باتوں میں وہ ایسا کھل گیا

— نظام رامپوری

فرہنگ

بیت ابرو — ابرو کا شعر یا ابرو کی تعریف میں کہا گیا شعر
عشرت کی شب — خوشی اور لطف کی رات
اغیار — غیر لوگ، بیگانے

تشریح

اس غزل میں شاعر نے محبوب کے راز کھل جانے اور رقیب کے ساتھ اس کے میل جول پر شکوہ و شکایت کا اظہار کیا ہے۔ عاشق کہتا ہے کہ محبوب کا مطلب جان لیا گیا ہے، اور محبوب کا غیروں سے کھل کر ملنا اس کے بھید کو عیاں کر دیتا ہے۔ ایک شعر میں دل کی بے تابی کے رسوا کرنے اور سب پر راز کھل جانے کا بیان ہے، جس میں عاشق کی بے بسی نمایاں ہے۔ لہجہ شکایتی اور طنزیہ ہے، اور کلام میں عشق کی رسوائی کا تاثر غالب ہے۔