غزل 11 اشعار

مری سانس اب چارا گر ٹوٹتی ہے

Meri saans ab chara-gar tootti hai

مری سانس اب چارا گر ٹوٹتی ہےکہیں جڑتی ہے پھر کہیں ٹوٹتی ہے

یہ خو ہے تمہاری تو کیوں کر بنے گیادھر بنتی ہے تو ادھر ٹوٹتی ہے

نہ ہم پر ہنسو حال ہوتا ہے یہ ہیمصیبت جو انسان پر ٹوٹتی ہے

سمجھتا ہوں کچھ میں بھی باتیں تمہارییہ ہر طعن کیا غیر پر ٹوٹتی ہے

خدا کے لیے پھر تو ایسا نہ کہنامری آس اے نامہ بر ٹوٹتی ہے

یہاں جس کے بے دیکھے جی ٹوٹتا ہےوہاں اس کی ہر دم نظر ٹوٹتی ہے

غضب ہاتھاپائی کا ہے لطف ہوتاکوئی ان کی چوڑی اگر ٹوٹتی ہے

عدو کا بھی تو گھر ہے اے چرخ ظالمجو آفت ہے میرے ہی گھر ٹوٹتی ہے

تری بات کا کیا ہے عنوان قاصدتوقع ہماری مگر ٹوٹتی ہے

یہ غم ہے تو رونا بھی اپنا یہی ہےیہ رونا ہے تو چشم تر ٹوٹتی ہے

یہ کہنا نظامؔ اب تو سونے دے مجھ کوکوئی بیٹھے کب تک کمر ٹوٹتی ہے

— نظام رامپوری

فرہنگ

چارا گر — علاج کرنے والا، معالج
نامہ بر — خط پہنچانے والا، ڈاکیا
چرخ ظالم — ظالم آسمان، قسمت کی گردش

تشریح

اس غزل میں عاشق اپنی بے قراری، شکستہ دلی اور محبوب کی بے رخی کا بیان کرتا ہے۔ شاعر کا لہجہ شکوہ آمیز اور طنزیہ ہے، جو کبھی محبوب سے گلہ کرتا ہے اور کبھی اپنے حال پر ہنستا ہے۔ مقطع میں تھکن اور بے بسی کا اظہار ہے کہ کب تک بیٹھا رہوں، کمر ٹوٹتی ہے۔ مطلع میں سانس کے ٹوٹنے اور جڑنے کا مضمون عاشق کی نازک حالت کو نمایاں کرتا ہے۔