غزل 16 اشعار

دل ہماری طرف سے صاف کرو

Dil hamari taraf se saaf karo

دل ہماری طرف سے صاف کروجو ہوا وہ ہوا معاف کرو

اہل گلشن بہار آ پہنچیخار و خس سے چمن کو صاف کرو

جب ستم ہوگا پھر کرم کے بعدتو کرم سے مجھے معاف کرو

مجھ سے کہتی ہے اس کی شان کرمتم گناہوں کا اعتراف کرو

یہ بھی عادت میں کوئی عادت ہےجو کہو اس کے بر خلاف کرو

کیوں بجھاؤ پہیلیاں بے کارگفتگو مجھ سے صاف صاف کرو

ایک دو تین چار پانچ نہیںسب خطائیں مری معاف کرو

حسن ان کو یہ رائے دیتا ہےکام امید کے خلاف کرو

حضرت دل یہی ہے دیر و حرممحفل یار کا طواف کرو

تم سزا دو مگر بحسب قصورمیں یہ کہتا نہیں معاف کرو

اس میں بھی شان پائی جاتی ہےہو کوئی بات انحراف کرو

سخت جانوں کا قتل کھیل نہیںکچھ دنوں اور ہاتھ صاف کرو

تم کو قہر کرم نما کی قسمفیصلہ میرے بر خلاف کرو

کھلتے ہیں دل کے اتنے ہی جوہرجتنا اس آئنے کو صاف کرو

دل میں ہیں خار آرزو لاکھوںآؤ کانٹوں سے گھر کو صاف کرو

طور سینا کی سمت جائیں کلیمنوحؔ تم سیر کوہ قاف کرو

— نوح ناروی

فرہنگ

خار و خس — کانٹے اور تنکے، فضول چیزیں
قہر کرم نما — کرم دکھانے والا غضب
دیر و حرم — بت خانہ اور کعبہ

تشریح

اس غزل میں شاعر محبوب سے دل کی صفائی اور گلے شکوے دور کرنے کی درخواست کرتا ہے۔ وہ بار بار معافی مانگتا ہے اور محبوب کے ستم و کرم کا ذکر کرتا ہے۔ لہجہ شوخ، طنزیہ اور مزاح آمیز ہے، جیسا کہ شعر "ایک دو تین چار پانچ نہیں، سب خطائیں مری معاف کرو" میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں شاعر گنتی کی طرح بے شمار خطاؤں کی معافی چاہتا ہے۔ مجموعی طور پر کلام میں محبوب سے ناز و نیاز اور شکوہ و معذرت کا انداز نمایاں ہے۔