غزل 12 اشعار

نیند آ گئی تھی منزل عرفاں سے گزر کے

Neend Aa Gayi Thi Manzil-e-Irfaan Se Guzar Ke

نیند آ گئی تھی منزل عرفاں سے گزر کےچونکے ہیں ہم اب سرحد عصیاں سے گزر کے

آنکھوں میں لیے جلوۂ نیرنگ تماشاآئی ہے خزاں جشن بہاراں سے گزر کے

یادوں کے جواں قافلے آتے ہی رہیں گےسرما کے اسی برگ پرافشاں سے گزر کے

کانٹوں کو بھی اب باد صبا چھیڑ رہی ہےپھولوں کے حسیں چاک گریباں سے گزر کے

وحشت کی نئی راہ گزر ڈھونڈھ رہے ہیںہم اہل جنوں دشت و بیاباں سے گزر کے

بن جائے گا تارا کسی مایوس خلا میںیہ اشک سحر گوشۂ داماں سے گزر کے

آوارگی فکر کدھر لے کے چلی ہےسر منزل آزادئ انساں سے گزر کے

پائی ہے نگاہوں نے تری بزم تمناراتوں کو چناروں کے چراغاں سے گزر کے

اک گردش چشم کرم اک موج نظارہکل شب کو ملی گردش دوراں سے گزر کے

ملنے کو تو مل جائے مگر لے گا بھلا کونساحل کا سکوں شورش طوفاں سے گزر کے

اک نشتر غم اور سہی اے غم منزلآ دیکھ تو اک روز رگ جاں سے گزر کے

اب درد میں وہ کیفیت درد نہیں ہےآیا ہوں جو اس بزم گل افشاں سے گزر کے

— علی جواد زیدی