غزل 6 اشعار

ہستی ہے جدائی سے اس کی جب وصل ہوا تو کچھ بھی نہیں

Hasti hai judai se us ki jab wasl hua to kuch bhi nahin

ہستی ہے جدائی سے اس کی جب وصل ہوا تو کچھ بھی نہیںدریا میں نہ تھا تو قطرہ تھا دریا میں ملا تو کچھ بھی نہیں

اک شمع جلی تو محفل میں ہر سمت اجالا پھیل گیاقانون یہی ہے فطرت کا پروانہ جلا تو کچھ بھی نہیں

سیلاب میں تنکے رقصاں تھے موجوں سے سفینے لرزاں تھےاک دریا تھا سو طوفاں تھے دریا نہ رہا تو کچھ بھی نہیں

اصلیت تھی یا دھوکہ تھا اک فتنۂ رنگیں برپا تھاسو جلوے تھے اک پردہ تھا پردہ نہ رہا تو کچھ بھی نہیں

طوفاں بھی تھا آندھی بھی تھی باراں بھی تھا بجلی بھی تھیآئی جو گھٹا تو سب کچھ تھا برسی جو گھٹا تو کچھ بھی نہیں

پھولوں سے چمن آباد بھی تھے دام اپنا لیے صیاد بھی تھےسب کچھ تھا جمیلؔ اس گلشن میں بدلی جو ہوا تو کچھ بھی نہیں

— جمیل مظہری

فرہنگ

وصل — ملاپ، ملن
فتنۂ رنگیں — رنگین و دلکش فتنہ
سفینے لرزاں — کانپتی ہوئی کشتیاں

تشریح

اس غزل میں شاعر نے یہ خیال پیش کیا ہے کہ کسی چیز کی اصل حقیقت اور اس کے ظاہری وجود کا اپنا ایک مقام ہے، مگر جب وہ چیز اپنے انجام یا اپنی منزل کو پہنچ جاتی ہے تو اس کی اہمیت باقی نہیں رہتی۔ شاعر کا لہجہ فلسفیانہ اور تامل آمیز ہے۔ مثلاً قطرے کا دریا میں مل جانا، یا پردے کا اٹھ جانا، اس بات کی علامت ہے کہ اپنی الگ شناخت کھو دینے کے بعد کچھ باقی نہیں رہتا۔ ہر شعر کے آخر میں "تو کچھ بھی نہیں" کی تکرار اسی کیفیت کو گہرا کرتی ہے۔