نظم 18 اشعار

نقوش ماضی

Naqoosh-e-Maazi

نظر میں شاعر کے پھر رہا ہے، ہرا بھرا پر بہار جنگلوہ صبح رنگیں، وہ کیف منظر، وہ دامن کوہ بندھیا چل

ملی تھی اک رنگ و بو کی دنیا، تمام صحرا چمن چمن تھامگر وہ جنت نگاہ وادی بہار کا مستقل وطن تھا

کھڑا ہوا تھا غریب شاعر، خموش صحرائے رنگ و بو میںمچل رہی تھی سحر کی دوشیزہ شب کے آغوش آرزو میں

ہوں چشم عاشق میں جیسے آنسو، ستارے یوں جھلملا رہے تھےفلک پہ برہم تھی بزم انجم، چراغ گل ہوتے جا رہے تھے

تجلیوں کی فلک سے بارش تھی، ظلمت شب بکھر رہی تھیکہ صبح کی سانولی حسینہ نہا رہی تھی، نکھر رہی تھی

ندی میں ہلکا سا تھا تموج کہیں جسے بے قرار غفلتکہ نیند میں جیسے کروٹیں لے، جوان، بد مست خواب عورت

ہوا جو شانہ ہلا رہی تھی، تو موجیں ہشیار ہو رہی تھیںطیور کے مست زمزموں سے فضائیں بے دار ہو رہی تھیں

یہ کیفیت تھی اور ایک جوگن ستار بیٹھی بجا رہی تھیمگر وہ جنگل کی شاہزادی بہار کے گیت گا رہی تھی

بہار کے گیت گا رہی تھی فضا میں نغمے بکھیرتی تھیسکوت فطرت کا داد دیتا تھا رخ جدھر کو وہ پھیرتی تھی

وہ نیند سے مضمحل نگاہیں وہ لب پہ مغموم مسکراہٹہزار انداز دل ربائی اور ایک معصوم مسکراہٹ

تھیں نیند سے رسمسائی آنکھیں اور ان میں شوخی مچل رہی تھیخمار آلودہ انکھڑیوں میں بہار کی روح پل رہی تھی

قمر کی طلعت، شفق کی سرخی، جبیں پہ صبح بہار خنداںنگاہ آئینہ دار منظر، جمال پروردۂ بیاباں

ستار پہ نازک انگلیاں تھیں، کلائی گوری لچک رہی تھیامنگیں لیتی تھیں دل میں کروٹ، رگ جوانی پھڑک رہی تھی

سنہرے جلووں کی چھوٹ ڈالی جو شاہ خاور کے تاج زر نےطلائی افشاں چنی جبیں پر ملیح دوشیزۂ سحر نے

طلائی زیور سے اور چمکی عروس منظر کی دل ربائیاٹھا جو سورج تو دھوپ نکلی حسینۂ صبح کھلکھلائی

فضا کی تبدیلیوں کو دیکھا جو بزم فطرت کی مطربہ نےستار رکھا، اٹھائی گگری، ندی کنارے چلی نہانے

وہ جا رہی تھی ندی کی جانب میں لوٹ کر گھر کو آ رہا تھاستار خاموش ہو چکا تھا مگر یہ دل گنگنا رہا تھا

زمانہ گزرا نقوش ماضی خیال سے مٹتے جا رہے ہیںمگر وہ نغمے جمیلؔ اب تک دماغ کو گدگدا رہے ہیں

— جمیل مظہری

فرہنگ

تموج — لہریں اٹھنا، موجوں کا ہلکورا
مضمحل — تھکا ہوا، کمزور، ڈھیلا
مطربہ — گانے والی عورت، گویکی

تشریح

اس نظم میں شاعر ایک صبح کا منظر یاد کرتا ہے جو بندھیا چل کے ہرے بھرے جنگل میں دیکھا گیا تھا۔ سحر کی روشنی، ستاروں کا جھلملانا اور ندی میں لہروں کی بیداری اس منظر کو زندہ کرتی ہے۔

ایک جوگن ستار بجا رہی ہے اور جنگل کی شاہزادی بہار کے گیت گا رہی ہے، پھر وہ ندی پر نہانے چلی جاتی ہے۔

لہجہ یادوں کا ہے، جس میں شاعر کہتا ہے کہ ماضی کے نقوش مٹتے جا رہے ہیں مگر ان نغموں کی بازگشت اب بھی دل کو گدگداتی ہے۔