نظم 14 اشعار

شاعر کی تمنا

Shaair Ki Tamanna

اگر اس گلشن ہستی میں ہونا ہی مقدر تھاتو میں غنچوں کی مٹھی میں دل بلبل ہوا ہوتا

گناہوں میں ضرر ہوتا، دعاؤں میں اثر ہوتامحبت کی نظر ہوتا، حسینوں کی ادا ہوتا

فروغ چہرۂ محنت، غبار دامن دولتنم پیشانیٔ غیرت، خم زلف رسا ہوتا

ہوا ہوتا کسی دستار کج پر پھول کی طرحاور اس دستار کج کی تمکنت پر ہنس رہا ہوتا

کسی مغرور کی گردن پہ ہوتا بوجھ احساں کاکسی ظالم کے دل میں درد ہو کر لا دوا ہوتا

کسی منعم کے چہرہ پر خوشی حاجت روائی کیکسی نادار کی نظروں میں شرم التجا ہوتا

کسی بھٹکے ہوئے راہی کو دیتا دعوت منزلبیاباں کی اندھیری شب میں جوگی کا دیا ہوتا

کسی کے کلبۂ احزاں میں شمع مضمحل بن کرکسی بیمار مفلس کے سرہانے رو رہا ہوتا

شرر بن کر کسی نادار گھر کے سرد چولھے میں''بصد امید فردا'' زیر خاکستر دبا ہوتا

یتیم بے نوا کی رہگزر پر اشرفی بن کرلئیم فاقہ کش کی جیب ممسک سے گرا ہوتا

نیستاں سے نکل کر حسرت آباد تمدن میںگدائے پیر و نا بینا کے ہاتھوں کا عصا ہوتا

شکستہ جھونپڑے میں بانسریٔ دہقاں کی سر بن کرسکوت نیم شب میں راز ہستی کہہ رہا ہوتا

غرض اس حسرت و اندوہ و یاس و غم کی بستی میںکہیں دور آفریں ہوتا، کہیں درد آشنا ہوتا

''ڈبویا مجھ کو ہونے نے'' بقول غالب دانا''نہ تھا کچھ تو خدا تھا، کچھ نہ ہوتا تو خدا ہوتا''

— جمیل مظہری

فرہنگ

گلشن ہستی — دنیا کی زندگی کا باغ
نیستاں — جنگل، ویرانہ
کلبۂ احزاں — غم کا جھونپڑا

تشریح

اس نظم میں شاعر اپنی زندگی اور ہستی کے بارے میں یہ تمنا ظاہر کرتا ہے کہ اگر اسے اس دنیا میں ہونا ہی تھا تو وہ کسی بڑے مقصد کے لیے ہو، یعنی وہ دکھی، مفلس، بیمار اور نادار لوگوں کے کام آ سکے۔ شاعر کا لہجہ آرزومندانہ اور دردمندانہ ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ وہ کسی یتیم کی رہگزر پر اشرفی بن کر گرے، کسی بیمار مفلس کے سرہانے شمع بن کر روئے، یا کسی بھٹکے ہوئے راہی کو منزل کی دعوت دے۔ آخری بند میں غالب کے شعر کا حوالہ دے کر ہستی کے فلسفیانہ سوال کو بھی چھیڑا گیا ہے۔