غزل 8 اشعار

تھی ابھی صبح ابھی شام ہوئی جاتی ہے

Thi Abhi Subh Abhi Shaam Hui Jaati Hai

تھی ابھی صبح ابھی شام ہوئی جاتی ہےزندگی گردش ایام ہوئی جاتی ہے

زندگی مہلت توفیق خم آشامی تھیزندگی فرصت یک جام ہوئی جاتی ہے

زندگی طائر صحرا تھی بہ شوق پرواززندگی صید تہہ دام ہوئی جاتی ہے

زندگی ڈال رہی تھی جو ستاروں پہ کمنداب تماشائے لب بام ہوئی جاتی ہے

زندگی یہ ہے کہ با ایں ہمہ سودائے سفرزندگی حسرت یک گام ہوئی جاتی ہے

زندگی یہ ہے کہ جس ریت پہ جلتے تھے قدماب وہی بستر آرام ہوئی جاتی ہے

زندگی یہ ہے کہ سویا تھا مسافر تھک کرسو کے اٹھا ہے تو اب شام ہوئی جاتی ہے

مظہریؔ فن کا تقاضا ہے کہ لکھیے کچھ اوریہ غزل کوشش ناکام ہوئی جاتی ہے

— جمیل مظہری

فرہنگ

خم آشامی — شراب پینا، خم سے شراب پینے کا عمل
تہہ دام — جال کے نیچے، جال میں
لب بام — چھت کی منڈیر، چھت کا کنارہ

تشریح

اس غزل میں زندگی کے گزرنے اور اس کی بدلتی ہوئی صورتوں کا بیان ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ صبح و شام کا فرق مٹ رہا ہے اور زندگی تیزی سے ڈھلتی جا رہی ہے۔ جو زندگی کبھی پرواز کا شوق رکھنے والے طائر کی مانند تھی، وہ اب دام میں پھنسے ہوئے شکار جیسی ہو گئی ہے۔ آخری شعروں میں لہجہ افسردہ اور تھکا ہوا ہے، اور مقطع میں شاعر اپنے فن کی ناکامی کا اعتراف کرتا ہے۔