غزل 10 اشعار

دل میں کیا اس کو ملا جان سے ہم دیکھتے ہیں

Dil mein kya is ko mila jaan se hum dekhte hain

دل میں کیا اس کو ملا جان سے ہم دیکھتے ہیںبلکہ جاں ہے وہی جب دھیان سے ہم دیکھتے ہیں

چپکے بیٹھے ہوئے حیران سے ہم دیکھتے ہیںتم تو دیکھو تمہیں کس شان سے ہم دیکھتے ہیں

دل نکل جاتا ہے بے ساختہ اس دم اپنادر میں جس دم تجھے دالان سے ہم دیکھتے ہیں

کہتے ہیں ایک تمہیں تو نہیں ہم پر مرتےسیکڑوں جاتے ہوئے جان سے ہم دیکھتے ہیں

واں سے مایوس چلے تو ہیں نہ پوچھو پھر کچھپیچھے پھر پھر کے کس ارمان سے ہم دیکھتے ہیں

کیا گلہ آپ کا جو ہم کو دکھائے قسمتآج کچھ اور ہی سامان سے ہم دیکھتے ہیں

کچھ رکا سا جو انہیں دیکھتے ہیں محفل میںمنہ کو ایک ایک کے حیران سے ہم دیکھتے ہیں

اللہ اللہ رے اے بت تری افزائش حسنتجھ کو ہر لحظہ نئی آن سے ہم دیکھتے ہیں

ہائے قسمت کہ عدو کہنے کو اپنا مطلبمنہ لگاتے ہیں ترے کان سے، ہم دیکھتے ہیں

کبھی جانے کا ارادہ جو وہ کرتے ہیں نظامؔہائے اس وقت کس ارمان سے ہم دیکھتے ہیں

— نظام رامپوری

فرہنگ

افزائش حسن — حسن میں اضافہ اور بڑھوتری
بے ساختہ — بغیر ارادے اور بناوٹ کے، خودبخود
عدو — دشمن، مخالف

تشریح

اس غزل میں عاشق اپنے محبوب کو نہایت حسرت، حیرت اور ارمان بھری نظروں سے دیکھنے کا بیان کرتا ہے۔ شاعر کا لہجہ نرم، شوخ اور کسی قدر شکایتی ہے۔ ایک نمایاں شعر میں محبوب کی بڑھتی ہوئی حسن کی جلوہ گری پر حیرت ظاہر کی گئی ہے کہ ہر لمحہ ایک نئی شان سے اسے دیکھا جاتا ہے۔ مقطع میں شاعر جدائی کے وقت کی بےقراری اور حسرت بیان کرتا ہے کہ محبوب کے جانے کے ارادے پر دل کس ارمان سے دیکھتا ہے۔