غزل 16 اشعار

خیر یوں ہی سہی تسکیں ہو کہیں تھوڑی سی

Khair yoon hi sahi taskeen ho kahin thori si

خیر یوں ہی سہی تسکیں ہو کہیں تھوڑی سی''ہاں'' تو کہتے ہو مگر ساتھ ''نہیں'' تھوڑی سی

حال دل سن کے مرا برسر رحمت تو ہیں کچھابھی باقی ہے مگر چین جبیں تھوڑی سی

ہوئی جاتی ہے سحر ایسا بھی گھبرانا کیارات گر ہے بھی تو اے ماہ جبیں تھوڑی سی

جام مے دیکھ کے لبریز کس انداز کے ساتھاس کا کہنا کہ نہیں، اتنی نہیں، تھوڑی سی

بے خودی یہ دم رخصت تھی کہ سب کچھ بھولاان کی باتیں بھی مجھے یاد رہیں تھوڑی سی

اب یہ پیغام کسی کا کوئی لے کر جائےابھی لب پر ہے مرے جان حزیں تھوڑی سی

یوں تو تم روز ہی کہتے ہو سبھی کچھ مجھ سےآج کی بات ہوئی ذہن نشیں تھوڑی سی

ان سے کچھ کہہ نہ سکا میں شب غم کی باتیںگو کہ بھولا تھا مگر یاد بھی تھیں تھوڑی سی

بوسہ تو اس لب شیریں سے کہاں ملتا ہےگالیاں بھی ملیں ہم کو تو ملیں تھوڑی سی

اب تو سب کا ترے کوچے ہی میں مسکن ٹھہرایہی آباد ہے دنیا میں زمیں تھوڑی سی

اٹھے جاتے ہیں ہمیں آپ نہ بیٹھیں خاموشآپ کی بات سمجھتے ہیں ہمیں تھوڑی سی

یاد کچھ آ کے یہ حالت ہوئی میری کہ نہ پوچھپچھلی گھڑیاں شب غم کی جو رہیں تھوڑی سی

صبح تک شام سے وہ گو کہ رہے پاس مرےحسرتیں دل کی مگر رہ ہی گئیں تھوڑی سی

کوستے کیا ہو ابھی ہوتے ہیں ہم شادیٔ مرگگر ملے دفن کو کوچے میں زمیں تھوڑی سی

سب مرا حال وہاں کیسے کہے گا قاصد!تو تو سنتا ہے مری بات نہیں تھوڑی سی

دولت فقر سے سب ہو گئی تسکین نظامؔاب کریں کیا طلب تاج و نگیں تھوڑی سی

— نظام رامپوری

فرہنگ

شادیٔ مرگ — موت کی خوشی، محبوب کے ہاتھوں مرنے کی خوشی
شب غم — غم کی رات، دکھ بھری رات
تاج و نگیں — تاج اور انگوٹھی، بادشاہی کی علامتیں

تشریح

اس غزل میں عاشق اپنی محبوب سے تھوڑی سی تسکین، تھوڑی سی توجہ اور تھوڑی سی قربت کی آرزو کا اظہار کرتا ہے۔ لہجہ شکایت، نرم گلہ اور مسکراتی ہوئی بے تکلفی کا ہے۔ مثلاً "ہاں تو کہتے ہو مگر ساتھ نہیں تھوڑی سی" میں محبوب کے ہاں اور نہیں کے ملے جلے رویے کا بیان ہے، جبکہ "گالیاں بھی ملیں ہم کو تو ملیں تھوڑی سی" میں عاشق محبوب کی ہر بات کو غنیمت سمجھتا ہے۔ آخری شعر میں شاعر دولت فقر کو تاج و نگیں پر ترجیح دیتا ہے۔