غزل 9 اشعار

گئے ہیں جب سے وہ اٹھ کے یاں سے ہے حال باہر مرا بیاں سے

Gaye hain jab se woh uth ke yan se hai haal bahar mera bayan se

گئے ہیں جب سے وہ اٹھ کے یاں سے ہے حال باہر مرا بیاں سےکہے کوئی اتنا جان جاں سے ملو نہیں تو گیا میں جاں سے

جو کچھ گزرتا ہے میرے دل پر سناؤں کس کو وہ ہائے دل برخدا کرے پھر وہ دن میسر کہوں میں اپنی ہی سب زباں سے

کبھی خفا ہو کے بات کرنا کبھی وہ کہہ کہہ کے پھر مکرناپھر الٹا بہتان مجھ پہ دھرنا یہ طرز تم نے لیا کہاں سے

کبھی ترے غم میں مجھ کو رونا کبھی پھر آپ ہی ہے چپکے ہوناجو یاد آتا ہے ساتھ سونا تو رات کٹتی ہے کس فغاں سے

گھڑی گھڑی ہجر کی ہے بھاری دکھائے صورت خدا تمہاریسنوں وہ باتیں پیاری پیاری عجب ادا سے عجب بیاں سے

ترا خفا ہو کے روٹھ جانا وہ منتوں سے مرا مناناوہ اپنی اپنی سی کچھ سنانا وہ باتیں بھی آپ دل ستاں سے

عجب ہی دشمن سے دوستی کی کہ شکل اب ہے یہ زندگی کیلبوں پہ چکی ہے جاں کنی کی پڑے ہیں بے ہوش نیم جاں سے

کہا کچھ اس نے یہاں کسی سے یہ بات قاصد نہیں ہنسی سےگمان ہوتا ہے اور ہی سے ترے الجھتے ہوئے بیاں سے

نظامؔ کیوں تو نے اس کو چاہا یہ دل میں کیا تھی جو دل لگایاجو دیوے توفیق کچھ بھی مولا تو اب نہ ملنا کبھی بتاں سے

— نظام رامپوری

فرہنگ

جاں کنی — موت کی سختی، نزع کا عالم
نیم جاں — آدھ مرا، نیم زندہ
دل ستاں — دل چھین لینے والا

تشریح

اس غزل میں عاشق اپنے محبوب کی جدائی کا دکھ بیان کرتا ہے۔ وہ محبوب کے چلے جانے سے بے قرار ہے اور اس کی ستم ظریفیوں، کبھی خفا ہونے اور کبھی منانے کے انداز کا شکوہ کرتا ہے۔

شاعر کا لہجہ شکایت اور حسرت بھرا ہے، جس میں ہجر کی گھڑیوں کا بوجھ نمایاں ہے۔ آخری شعر میں وہ اپنی دل لگی پر پچھتاوے کا اظہار کرتا ہے اور دعا کرتا ہے کہ آئندہ ایسے محبوب سے واسطہ نہ پڑے۔