غزل 12 اشعار

یوں چلے دور تو رندوں کا بڑا کام چلے

Yun chale daur to rindon ka bada kaam chale

یوں چلے دور تو رندوں کا بڑا کام چلےخم بڑھے شیشہ جھکے بادہ ڈھلے جام چلے

جھیل کر اہل جہاں صدمہ و آلام چلےشاد کام آئے جو دنیا میں وہ ناکام چلے

بے پیے کچھ نہیں جینے کا مزہ اے ساقیرات دن جام چلے جام چلے جام چلے

کوچۂ عشق میں تکلیف ہی تکلیف رہیہم بہ آرام نہ آئے نہ بہ آرام چلے

ہاتھ پر ہاتھ دھرے اہل نظر بیٹھے ہیںحسن اگر کام چلائے تو کوئی کام چلے

زندہ رہنے کے مقاصد ہیں حقیقت میں یہیہاتھ پاؤں اپنے چلیں کام چلے نام چلے

وادیٔ عشق میں رہبر کی ضرورت کیا ہےہم چلیں اور ہمارا دل ناکام چلے

مسکراتے ہیں جو غنچے تو کھلے جاتے ہیں پھولدور جام ایسے میں اے ساقیٔ گلفام چلے

غیر ممکن ہے بغیر اس کے محبت کا نباہدل سے ملتا نہیں جب دل ہی تو کیا کام چلے

مدعا یہ ہے نکل آئے دوبارہ خورشیدکہ جہاں شام ہوئی آپ سر بام چلے

کیوں کہا میں نے کہ سن لیجئے روداد ستموہ بگڑ کر اٹھے دیتے ہوئے دشنام چلے

حضرت نوحؔ اٹھاتے ہیں جو طوفان سخنشاید اس کا ہو یہ مطلب کہ مرا نام چلے

— نوح ناروی

فرہنگ

دشنام — گالی، بدزبانی
وادیٔ عشق — عشق کا راستہ یا میدان
سر بام — چھت یا بالائی منزل پر

تشریح

اس غزل میں شاعر نے شراب اور مے خانے کے ماحول کے ذریعے زندگی کی تلخیوں اور عشق کے صدمات کو بیان کیا ہے۔ ایک شعر میں کہتے ہیں کہ بغیر پیے جینے کا مزہ نہیں، اس لیے ساقی سے مسلسل جام چلانے کی درخواست کرتے ہیں۔ دوسرے شعر میں عشق کے راستے کو تکلیفوں سے بھرا ہوا بتایا گیا ہے کہ وہاں آرام کا گزر نہیں۔ آخری شعر میں شاعر اپنے تخلص کے ساتھ اپنے سخن کی شہرت کی خواہش ظاہر کرتا ہے۔ لہجہ رنگین اور سرشار ہے۔