غزل 17 اشعار

تری تند خوئی تری کینہ جوئی تری کج ادائی تری بے وفائی

Teri Tund-Khooi Teri Keena-Jooi Teri Kaj-Adai Teri Be-Wafai

تری تند خوئی تری کینہ جوئی تری کج ادائی تری بے وفائیبلا ہے ستم ہے غضب ہے قیامت دہائی دہائی دہائی دہائی

حقیقت نے چکر میں ڈالا تھا ہم کو طریقت برے وقت پر کام آئیہمہ دست کا مسئلہ جب ہے آگے تو کیسی دوئی اور کیسی جدائی

ادھر پاس چلمن کے موجود تھے وہ ادھر تھے پریشان ان کے فدائیرہا شرم و شوخی کا دل کش تماشا نہ جلوہ دکھایا نہ صورت چھپائی

مدد کر ذرا اور اے جوش الفت کہ ارمان دل کا نکل جائے دل سےکبھی جلوہ گہ تک گزر ہو ہمارا ابھی رہ گزر تک ہوئی ہے رسائی

بھرم کھل گیا اس سے عیاریوں کا کھلا راز بھی اس سے مکاریوں کاچرایا تھا تم نے اگر دل ہمارا تو دل کو چرا کر نظر کیوں چرائی

ادھر سب سے پردہ ادھر سب میں جلوہ یہاں وار عالم وہاں اور منظرکہیں وہ عیاں ہے کہیں وہ نہاں ہے کبھی حسن پوشی کبھی خود نمائی

جہاں میں بشر ان سے ہو بے تعلق کوئی مان لے ہم نہ مانیں گے اس کوکہ چاروں طرف ہیں یہی چار چیزیں محبت عداوت بھلائی برائی

برابر ہیں دیر و حرم کے مراتب مساوی ہیں دونوں گھروں کی حقیقتنہیں فرق کچھ بھی ہماری نظر میں وہی بت پرستی وہی جبہ سائی

جنہیں عیش و راحت کا ارمان ہوگا انہیں عیش و راحت کا ارمان ہوگاتمہاری محبت میں ہم نے بلا سے وہ پایا نہ پایا یہ پائی نہ پائی

یہ برتاؤ کیا ہیں یہ اطوار کیا ہیں ذرا آپ سوچیں ذرا آپ سمجھیںہمیں پر کسی روز چشم عنایت ہمیں سے کسی وقت بے اعتنائی

بہار آئے مژدہ مسرت کا لے کر دھواں دھار اٹھیں فلک پر گھٹائیںادھر جام چھلکے ادھر توبہ ٹوٹے بہم زہد و رندی میں ہو ہاتھا پائی

اگر ہو کوئی روشناسی کا طالب تو پہلے مقلد بنے آئینے کاکدورت سے اللہ محفوظ رکھے بڑی شے ہے دنیا میں دل کی صفائی

یہ توقیر و تحقیر میں بحث کیسی کہ ہیں دونوں باتیں خدا کی طرف سےوہ رائی کو چاہے تو پربت بنا دے وہ پربت کو چاہے تو بن جائے رائی

کسی کو رلاؤ کسی کو جلاؤ کسی کو ستاؤ کسی کو مٹاؤخدائی کا غم کیا زمانے کا ڈر کیا تمہارا زمانہ تمہاری خدائی

ہزاروں بکھیڑے ہزاروں جھمیلے ہزاروں توہم ہزاروں ترددمگر آپ آئیں تو مہمان رکھ لوں مرے دل میں اب بھی ہے اتنی سمائی

جو بندے خدا کے خدا پر نہ رکھیں تو رکھیں بھروسہ خدائی میں کس پربنایا انہیں اہل حاجت اسی نے کرے گا وہی ان کی حاجت روائی

یہ اندھیر کھاتا یہ کفران نعمت زمانے کو اے نوحؔ کیا ہو گیا ہےخدا کے کرم سے تو بیڑا نہ ڈوبے مگر پائے شہرت تری نا خدائی

— نوح ناروی

فرہنگ

کج ادائی — ٹیڑھا پن، بے رخی کا انداز
کینہ جوئی — دشمنی یا بغض رکھنے کی عادت
جوش الفت — محبت کا جذبہ اور ولولہ

تشریح

اس غزل میں محبوب کی تند خوئی، بے وفائی اور ناز و ادا کا شکوہ کیا گیا ہے، مگر لہجہ زیادہ تر طنزیہ اور چنچل ہے۔ شاعر محبوب کی ستم گری پر دہائی دیتا ہے اور اس کی عیاریوں اور چھپنے چھپانے کی ادا کو دلچسپ انداز میں بیان کرتا ہے۔ ایک نمایاں مصرع ہے: "تمہاری محبت میں ہم نے بلا سے وہ پایا نہ پایا یہ پائی نہ پائی"، جس میں عاشق بے نیازی کے ساتھ حاصل و محرومی کو ایک طرف رکھ دیتا ہے۔ آخری شعروں میں خدا کی قدرت، دنیا کی بے ثباتی اور اخلاقی نصیحت بھی آتی ہے۔