غزل 9 اشعار

غیر پوچھیں بھی تو ہم کیا اپنا افسانہ کہیں

Ghair poochein bhi to hum kya apna afsana kahein

غیر پوچھیں بھی تو ہم کیا اپنا افسانہ کہیںاب تو ہم وہ ہیں جسے اپنے بھی بیگانہ کہیں

وہ بھی وقت آیا کہ دل میں یہ خیال آنے لگاآج ان سے ہم غم دوراں کا افسانہ کہیں

کیا پکارے جائیں گے ہم ایسے دیوانے وہاںہوش مندوں کو بھی جس محفل میں دیوانہ کہیں

شب کے آخر ہوتے ہوتے دونوں ہی جب جل بجھےکس کو سمجھیں شمع محفل کس کو پروانہ کہیں

اور کچھ کہنا تو گستاخی ہے شان شیخ میںہاں مگر ناواقف آداب مے خانہ کہیں

آج تنہائی میں پھر آنکھوں سے ٹپکا ہے لہوجی کے بہلانے کو آؤ اپنا افسانہ کہیں

ان سے رونق قتل گہہ کی ان سے گرمی بزم کیکہنے والے اہل دل کو لاکھ دیوانہ کہیں

ہیں بہم موج شراب و سیل اشک و جوئے خوںلائق سجدہ ہے جس کو خاک مے خانہ کہیں

ان کی اس چین جبیں کا کچھ تقاضا ہو مگرکیا غم دل کی حقیقت کو بھی افسانہ کہیں

— علی جواد زیدی