غزل 16 اشعار

عادت سے ان کی دل کو خوشی بھی ہے غم بھی ہے

Adat se un ki dil ko khushi bhi hai gham bhi hai

عادت سے ان کی دل کو خوشی بھی ہے غم بھی ہےیہ لطف ہے ستم بھی ہے عذر ستم بھی ہے

الفت مجھے جتاتے ہو دل میں بھی درد ہےرونے کا منہ بناتے ہو آنکھوں میں نم بھی ہے

اس بت کا وصل تھا تو خدائی کا عیش تھایہ جانتے نہ تھے کہ زمانے میں غم بھی ہے

تسکین میرے دل کی اور اس بے وفا کا قولدل میں فریب بھی ہے لبوں پر قسم بھی ہے

اب آؤ مل کے سو رہیں تکرار ہو چکیآنکھوں میں نیند بھی ہے بہت رات کم بھی ہے

نومیدی بھی ہے وصل سے اس کے امید بھیکچھ درد دل بڑھا بھی ہے کچھ رنج کم بھی ہے

یہ بات گر نہ ہو تو کرے کون حوصلہملنا کسی کا سہل بھی ہے اور الم بھی ہے

جاتا ہے شک بھی کر گیا ہے وہم میں وہ شوخکوچے میں غیر ہی کے نشان قدم بھی ہے

باہم تپاک بھی ہیں کبھی رنجشیں بھی ہیںلطف و کرم بھی ہے کبھی جور و ستم بھی ہے

آ جائیں وہ مگر مجھے آتا نہیں یقیںقاصد کا جو ہے قول وہ خط میں رقم بھی ہے

بگڑے ہوئے ہیں آج خدا خیر ہی کرےکچھ بل بھی ہے جبیں پہ کچھ ابرو پہ خم بھی ہے

مر جاتے ہم تو کب کے اجل دیکھتی ہے توفرصت کسی کے غم سے ہمیں کوئی دم بھی ہے

کہنے کو دو مکاں ہیں کیں تو ہے ایک ہیبیت الصنم ہے جو وہی بیت الحرم بھی ہے

یوں کہہ کے بھول جانا یہ خو آپ ہی کی ہےمجھ کو وہ یاد عہد بھی ہے وہ قسم بھی ہے

جب کچھ کہوں تو کہتے ہیں یہ پھر سنوں گا میںپھر ایسا کوئی وقت بھی ہے کوئی دم بھی ہے

کیسا وصال و ہجر اگر فہم ہے نظامؔہر حال میں جدا بھی ہے وہ اور بہم بھی ہے

— نظام رامپوری

فرہنگ

بیت الصنم — بت کا گھر، بت خانہ
بیت الحرم — حرم، کعبہ، مقدس گھر
اجل — موت، وقت مرگ

تشریح

اس غزل میں عاشق اور محبوب کے تعلق کی کشمکش بیان کی گئی ہے۔ محبوب کی عادت سے دل کبھی خوش ہوتا ہے اور کبھی غمگین، اور اس کا ستم بھی لطف دیتا ہے۔ شاعر محبوب کی بے وفائی، وعدوں اور رنجش و محبت کے بدلتے رنگوں کو سادہ اور دلکش انداز میں پیش کرتا ہے۔

شاعر کا لہجہ شکایت آمیز مگر نرم ہے، جو محبوب کی ادائوں پر گلہ بھی کرتا ہے اور اس سے لطف بھی اٹھاتا ہے۔ آخری شعر میں وصل و ہجر کی یکجائی کا تصور پیش کیا گیا ہے کہ محبوب ہر حال میں جدا بھی ہے اور قریب بھی۔