غزل 14 اشعار

گر دوستو تم نے اسے دیکھا نہیں ہوتا

Gar dosto tum ne use dekha nahin hota

گر دوستو تم نے اسے دیکھا نہیں ہوتاکہنے کا تمہارے مجھے شکوا نہیں ہوتا

گر کہیے کہ جی ملنے کو تیرا نہیں ہوتاکہتا ہے کہ ہاں ہاں نہیں ہوتا نہیں ہوتا

قاصد کے بھی گر آنے کی امید نہ ہوتیاک دم بھی تو جینے کا بھروسا نہیں ہوتا

یوں ہی سہی ہم ہجر میں مر جاتے بلا سےبس اور تو کچھ اس سے زیادہ نہیں ہوتا

کیوں کہتے ہو تم مجھ سے کہ آنا نہیں منظوریہ کس لیے کہتے ہو کہ آنا نہیں ہوتا

گو غیر برائی سے کریں ذکر ہمارااتنا بھی تو واں ذکر ہمارا نہیں ہوتا

لب تک بھی کبھی حرف تمنا نہیں آیاایسا کوئی محروم تمنا نہیں ہوتا

بیماریٔ ہجراں سے تو مرنا ہی بھلا تھااچھا جو میں ہوتا تو کچھ اچھا نہیں ہوتا

گر غیر سے کچھ تم کو محبت نہیں ہوتیتو ہم کو یہ رشک قلق افزا نہیں ہوتا

یہ سچ ہے کہ تم آؤ گے پر دل کو کروں کیاکہنے کا یقیں آپ کے اصلا نہیں ہوتا

ہوتا ہے وہ سب کچھ جو سنا ہو کبھی تم نےاک تیرے نہ ہونے سے یہاں کیا نہیں ہوتا

اب سمجھے کہ یوں ہم کو بلاتے نہ کبھی تمگر آپ کی محفل کا یہ نقشا نہیں ہوتا

گو جھوٹ ہو دھوکا ہو تسلی تو ہے دل کوہوتا ہے قلق اور جو وعدہ نہیں ہوتا

مقبول تمنا تو نظامؔ اپنی کہاں ہومقبول وہاں عذر تمنا نہیں ہوتا

— نظام رامپوری

فرہنگ

قلق افزا — بے چینی بڑھانے والا
عذر تمنا — خواہش کا بہانہ یا رکاوٹ
محروم تمنا — خواہش سے محروم شخص

تشریح

اس غزل میں شاعر محبوب کی بے رخی، وعدہ خلافی اور ملاقات سے گریز کا شکوہ کرتا ہے۔ لہجہ طنز، گلہ اور دکھ بھرے تعلق کا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ اگر دوست محبوب کو دیکھتے نہ تو اس کا شکوہ بھی نہ ہوتا۔ ایک اور شعر میں وہ کہتا ہے کہ ہجر کی بیماری سے مرنا ہی بہتر تھا، کیونکہ اچھا ہو جانے سے بھی کچھ بہتری نہیں آتی۔ آخر میں وہ تسلی کو دل کا سہارا بتاتا ہے، چاہے وعدہ جھوٹا ہی کیوں نہ ہو۔