غزل 14 اشعار

ہم کو شب وصال بھی رنج و محن ہوا

Hum ko shab-e-visaal bhi ranj-o-mehn hua

ہم کو شب وصال بھی رنج و محن ہواقسمت خلاف طبع ہوا جو سخن ہوا

پھر آنے کی ہوس میں سحر کس خوشی کے ساتھہم راہ نالہ درد جگر بھی معن ہوا

گردش بھی اس کے کوچے میں ہے اور قرار بھیقسمت تو دیکھیے کہ سفر میں وطن ہوا

قاتل ادائے شکر کو یا شکوؤں کے لیےجو زخم جسم پر ہوا گویا دہن ہوا

ثابت قدم ہوا نہ رہ عشق میں کوئیمجنوں کوئی ہوا تو کوئی کوہ کن ہوا

کچھ مجھ سے شب کو غیر کے اظہار کے لیےیہ عشق بازی کی تھی کہ اپنا یہ فن ہوا

دشمن سے اور ہوتیں بہت باتیں پیار کیشکر خدا یہ ہے کہ وہ بت کم سخن ہوا

لب پر ہنسی وہ آئی وہ چین جبیں گئیکہتا تو ہوں خطا ہوئی دیوانہ پن ہوا

آئینہ دیکھ دیکھ کے کیا دیکھتے ہو تمچھونا بھی یاں نصیب تمہارا بدن ہوا

اب بوسہ دینے میں تمہیں کس بات کا ہے عذرگالی کے دینے سے ہمیں ثابت دہن ہوا

حق بات تو یہ ہے کہ اسی بت کے واسطےزاہد کوئی ہوا تو کوئی برہمن ہوا

تقدیر کی یہ بات ہے اب کیا کرے کوئیراضی ہوئے وہ بوسے پہ تو گم دہن ہوا

پھر میرے اضطراب میں کیوں شک ہے آپ کوالفت کا جب یقیں تمہیں اے جان من ہوا

لب تک نہ آیا حرف تمنا کبھی نظامؔگویا مرا سخن بھی تمہارا دہن ہوا

— نظام رامپوری

فرہنگ

رنج و محن — دکھ اور مصیبت
خلاف طبع — طبیعت کے برخلاف، ناگوار
ثابت قدم — استقامت رکھنے والا، مستقل مزاج

تشریح

اس غزل میں عاشق اپنے محبوب سے وصل کی رات میں بھی رنج و غم اٹھانے، گفتگو کے بگڑ جانے اور محبوب کی بے رخی کا شکوہ کرتا ہے۔ لہجہ شکایتی اور طنزیہ ہے، جس میں محبت کی شدت اور دل کی بے قراری نمایاں ہے۔ مقطع میں شاعر کہتا ہے کہ اس کی زبان پر کبھی حرف تمنا نہ آیا، گویا اس کی بات بھی محبوب کے دہن کی طرح ہو گئی، یعنی محبوب کی خاموشی ہی اس کا جواب بن گئی۔ بعض اشعار کا مفہوم واضح نہیں، اس لیے ان پر رائے نہیں دی گئی۔