غزل 14 اشعار

گلشن میں کبھی ہم سنتے تھے وہ کیا تھا زمانہ پھولوں کا

Gulshan Mein Kabhi Hum Sunte The Woh Kya Tha Zamana Phoolon Ka

گلشن میں کبھی ہم سنتے تھے وہ کیا تھا زمانہ پھولوں کاکلیوں سے کہانی کلیوں کی پھولوں سے فسانہ پھولوں کا

کیا موسم گل پر اترا کر ہم گائیں ترانہ پھولوں کادو روز میں آنے والا ہے اک روز زمانہ پھولوں کا

ایام خزاں میں اہل چمن صرصر کو ستم سے کیا روکیںبیگانہ ہوا جب سبزہ بھی تو کون یگانہ پھولوں کا

پھر باد صبا وہ آ پہنچی پھر رنگ کھلا نکہت پھیلیاے لوٹنے والو اب لوٹو معمور خزانہ پھولوں کا

نازاں ہے جو اپنی قسمت پر گلچیں کو یہ کیا معلوم نہیںجائے گی بہار آئے گی خزاں بدلے گا زمانہ پھولوں کا

گلچیں سے کبھی میں سنتا ہوں بلبل سے کبھی میں کہتا ہوںاس درد سری کا باعث ہے دلچسپ فسانہ پھولوں کا

شاخیں بھی بلائیں لیتی ہیں پتے بھی نچھاور ہوتے ہیںاللہ رے جوانی گلشن کی اف اف رے زمانہ پھولوں کا

ایام خزاں میں اے بلبل تکلیف بہت بڑھ جائے گیپھولوں کی قسم دیتا ہوں تجھے چھیڑ اب نہ ترانہ پھولوں کا

جب اہل چمن سو جاتے ہیں تو حسن کے ڈاکو آتے ہیںکچھ رات گئے کچھ رات رہے لٹتا ہے خزانہ پھولوں کا

مرغان قفس کو نیند کہاں نیند آئے یہی امید کہاںگلچیں سے انہیں سنواتا ہے صیاد فسانہ پھولوں کا

کیا ذکر چمن کیا فکر چمن کیا ذوق چمن کیا شوق چمنداغوں سے ہمارا خانۂ دل ہے دولت خانہ پھولوں کا

کیا خوب ملی گل کھانے کی یہ داد ہمیں مر جانے پرپھولوں میں ہمارے چھیڑ دیا بلبل نے ترانہ پھولوں کا

فطرت کے مسافر کو بس میں رکھ سکتے نہیں اشجار چمنآتا ہے زمانہ پھولوں کا جاتا ہے زمانہ پھولوں کا

اے نوحؔ اثر اتنا تو کیا تم پر بھی چمن کے منظر نےطوفان اٹھانا بھول گئے لے بیٹھے فسانہ پھولوں کا

— نوح ناروی

فرہنگ

صرصر — تیز و سخت ہوا، آندھی
معمور خزانہ — بھرا ہوا خزانہ
گلچیں — پھول توڑنے والا

تشریح

اس غزل میں شاعر نے گلشن کے موسم، پھولوں کی بہار اور خزاں کے آنے جانے کو موضوع بنایا ہے۔ کلیوں اور پھولوں کے قصے، بلبل کے ترانے اور گلچیں کی تاک میں رہنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ لہجہ گلشن کی رنگینی سے لطف اٹھانے اور اس کی ناپائیداری کو یاد دلانے کا ہے۔ مثلاً شاعر کہتا ہے کہ بہار جائے گی اور خزاں آئے گی، اس لیے پھولوں کا زمانہ بدلتا رہتا ہے۔ آخری شعر میں شاعر خود اپنے تخلص کے ساتھ بتاتا ہے کہ چمن کے منظر نے اس پر اثر کیا اور وہ پھولوں کے فسانے میں کھو گیا۔