غزل 13 اشعار

ہم عشق میں ان مکاروں کے بے فائدہ جلتے بھنتے ہیں

Hum Ishq Mein In Makkaron Ke Be-Faida Jalte Bhante Hain

ہم عشق میں ان مکاروں کے بے فائدہ جلتے بھنتے ہیںمطلب جو ہمارا سن سن کر کہتے ہیں ہم اونچا سنتے ہیں

ہم کچھ نہ کسی سے کہتے ہیں ہم کچھ نہ کسی کی سنتے ہیںبیٹھے ہوئے بزم دل کش میں بس دل کے ٹکڑے چنتے ہیں

الفت کے فسانے پر دونوں سر اپنا اپنا دھنتے ہیںہم سنتے ہیں وہ کہتے ہیں ہم کہتے ہیں وہ سنتے ہیں

دل سا بھی کوئی ہم درد نہیں ہم سا بھی کوئی دل سوز نہیںہم جلتے ہیں تو دل جلتا ہے دل بھنتا ہے تو ہم بھنتے ہیں

تقدیر کی گردش سے نہ رہا محفوظ ہمارا دامن بھیچنتے تھے کبھی ہم لالہ و گل اب کنکر پتھر چنتے ہیں

آج آئیں گے کل آئیں گے کل آئیں گے آج آئیں گےمدت سے یہی وہ کہتے ہیں مدت سے یہی ہم سنتے ہیں

آہیں نہ کبھی منہ سے نکلیں نالے نہ کبھی آئے لب تکہو ضبط تپ الفت کا برا ہم دل ہی دل میں بھنتے ہیں

مرغان چمن بھی میری طرح دیوانے ہیں لیکن فرق یہ ہےمیں دشت میں تنکے چنتا ہوں وہ باغ میں تنکے چنتے ہیں

ہو بزم طرب یا بزم الم ہر مجمع میں ہر موقع پرہم شمع کے شعلے کی صورت جلتے بھی ہیں سر بھی دھنتے ہیں

گلزار جہاں کی نیرنگی آزار جنہیں پہنچاتی ہےکانٹوں کو ہٹا کر دامن میں وہ پھول چمن کے چنتے ہیں

آزار و ستم کے شکوؤں کا جھگڑا بھی چکے قصہ بھی مٹےتم سے جو کہے کچھ بات کوئی کہہ دو اسے ہم کب سنتے ہیں

گھبرا کے جو میں ان کے در پر دیتا ہوں کبھی آواز انہیںتو کہتے ہیں وہ ٹھہرو دم لو آتے ہیں اب افشاں چنتے ہیں

اے نوحؔ کہاں وہ جوش اپنا وہ طور اپنے وہ بات اپنیطوفان اٹھاتے تھے پہلے اب حسرت سے سر دھنتے ہیں

— نوح ناروی

فرہنگ

مکاروں — فریب کار، دھوکے باز لوگ
بزم دل کش — دل کو بھانے والی محفل
دل سوز — دل کو جلانے والا، درد مند

تشریح

اس غزل میں عاشق اپنی بے بسی اور محبوب کی بے اعتنائی کا بیان کرتا ہے۔ شاعر بتاتا ہے کہ مکار لوگ اس کی بات سن کر طنز کرتے ہیں اور وہ خاموشی سے جلتا اور کڑھتا رہتا ہے۔ کلام کا لہجہ شکوہ آمیز اور درد بھرا ہے، اور آخری شعر میں ماضی کے جوش کے مقابلے میں موجودہ حسرت نمایاں ہے۔ مثلاً "آج آئیں گے کل آئیں گے" والے شعر میں وعدہ خلافی کی کیفیت نہایت سادگی سے بیان کی گئی ہے۔