غزل 15 اشعار

اس بت کافر کو ان کا دھیان کیا ہے کچھ نہیں

Is But-e-Kafir Ko Un Ka Dhyan Kya Hai Kuch Nahin

اس بت کافر کو ان کا دھیان کیا ہے کچھ نہیںدین کیا ہے کچھ نہیں ایمان کیا ہے کچھ نہیں

نذر کرنے کے لئے سامان کیا ہے کچھ نہیںجان ہے اب اور میری جان کیا ہے کچھ نہیں

خاک سے پیدا ہوا یہ خاک میں مل جائے گاخاکدان دہر میں انسان کیا ہے کچھ نہیں

چاہتا ہوں میں کہ چاہیں آپ بھی دل سے مجھےہے یہی ارمان اور ارمان کیا ہے کچھ نہیں

ہر گھڑی ظلم و ستم ہر دم وہی قہر و عتابآپ کے نزدیک میری جان کیا ہے کچھ نہیں

میں فقیر بے غرض ہوں بے غرض کے واسطےنفع کیا ہے کچھ نہیں نقصان کیا ہے کچھ نہیں

مرنے والے لٹنے والے مٹنے والے کے لئےجان کیا ہے آن کیا ہے شان کیا ہے کچھ نہیں

تیغ نے گردن جدا کی موت نے لی جان زارمیرے سر پر آپ کا احسان کیا ہے کچھ نہیں

جب کہو قربان کر دوں جب کہو کر دوں نثاریہ ذرا سا دل ذرا سی جان کیا ہے کچھ نہیں

کیا کہا ہم کو بہت کچھ غم زدوں کا دھیان ہےتم کو اپنے غم زدوں کا دھیان کیا ہے کچھ نہیں

ہر حسیں پر اس کو مرنا اور اسے غم جھیلنادل سلامت ہے تو میری جان کیا ہے کچھ نہیں

سر پٹکنے کو فقط دو چار پتھر رکھ لئےاور میرے گھر میں اب سامان کیا ہے کچھ نہیں

خیر جو ظلم و ستم کرنے تھے وہ تم نے کئےپچھلی باتوں کا ہمیں اب دھیان کیا ہے کچھ نہیں

میں یہ ان سے کیوں کہوں تم عاشقوں کی جان ہوجانتا ہوں عاشقوں کی جان کیا ہے کچھ نہیں

ہو گئی غرقاب دنیا بھر گیا سارا جہاںاب تو کہیے نوحؔ کا طوفان کیا ہے کچھ نہیں

— نوح ناروی

فرہنگ

غرقاب — پانی میں ڈوبی ہوئی، غرق ہونے والی
خاکدان دہر — دنیا کا مٹی کا ڈھیر، دنیا
قہر و عتاب — غصہ اور ناراضی

تشریح

اس غزل میں شاعر نے محبوب کی بے نیازی اور اپنی بے بسی کو دلکش انداز میں بیان کیا ہے۔ ہر شعر میں "کچھ نہیں" کی تکرار سے دنیا کی ہر چیز، دین، ایمان، جان اور نفع و نقصان کو بے حقیقت ٹھہرایا گیا ہے۔ شاعر کا لہجہ شکوہ آمیز اور عاجزانہ ہے، جو محبوب کی توجہ کا طلبگار ہے۔ مقطع میں شاعر اپنے تخلص کے ساتھ دنیا کے غرق ہونے کا ذکر کرتا ہے اور پوچھتا ہے کہ نوح کا طوفان کیا ہے، یعنی اس کے سامنے ہر طوفان حقیر ہے۔