غزل 19 اشعار

جانے کو جائے فصل گل آنے کو آئے ہر برس

Jane Ko Jaye Fasl-e-Gul Aane Ko Aaye Har Baras

جانے کو جائے فصل گل آنے کو آئے ہر برسہم غم زدوں کے واسطے جیسے چمن ویسے قفس

رخصت ہوا بیمار غم بالیں سے اٹھے ہم نفستدبیر تو کرتے ہیں سب تقدیر پر کس کا ہے بس

محشر میں اس بے درد سے گر پوچھ گچھ نے داد کیآیا ہوں میں فریاد کو فریاد سن فریاد رس

ممکن نہیں میں چھٹ سکوں دام وفا و عشق سےباندھے گئے سب دست و پا جکڑی گئی ایک ایک نس

قطع منازل میں کروں تو کس سہارے پر کروںمفقود اہل کارواں مسدود آواز جرس

تو اور دعویٰ عشق کا یہ بھی خدا کی شان ہےمنصور بننے کے لئے دل چاہئے اے بو الہوس

کہنے کو ہے سارا جہاں سچے فدائی ہیں کہاںدس میں نہ نکلے گا کوئی دس لاکھ میں نکلیں گے دس

جائے بہار آئے خزاں اس کا تردد کچھ نہیںہیں لالہ و گل سے سوا مجھ کو چمن کے خار و خس

طول غم و آزار نے ناشاد مجھ کو کر دیاہے ایک گھنٹہ ایک دن ہے اک مہینہ اک برس

کم بخت مرنے کے لئے صیاد کے گھر آئے ہیںدیکھیں گے اب کیا سیر گل چھٹ کر اسیران قفس

پہنچے سر عرش بریں امید تو ایسی نہیںہاتھوں ہی تک محدود ہے میری دعا کی دسترس

قابو میں جب دل ہی نہیں تو کیا کہوں میں درد دلبڑھ کر ہے تیغ و تیر سے میرے لئے میرا نفس

سو بار دے کر جام و خم ممنون ساقی نے کیااس کا تقاضا تھا کہ پی میری گزارش تھی کہ بس

اے خضر آئے لطف کیا مشرب الگ مسلک جدامرنے کی حسرت مجھ کو ہے تم کو ہے جینے کی ہوس

ان کے علاوہ کون ہے میرے قریں کوئی نہیںیا دہنے بائیں آفتیں یا آرزوئیں پیش و پس

جام و سبو کا ذکر کیا بہتا پھرے خود مے کدہاے ابر رحمت ٹوٹ کر ایسا برس اتنا برس

کیا ابتدا کیا انتہا جو آئے گا وہ جائے گادنیائے فانی کچھ نہیں اللہ بس باقی ہوس

لطف و کرم سے کیا غرض قہر و ستم سے کام لےبربادیٔ عشاق پر اپنی کمر مضبوط کس

کب تک یہ سیل اشک غم کب تک یہ طوفاں خیزیاںدنیا فنا ہو جائے گی اے نوحؔ بس اے نوحؔ بس

— نوح ناروی

فرہنگ

فصل گل — بہار کا موسم
دام وفا — وفا کا جال یا پھندا
مسدود آواز جرس — قافلے کی گھنٹی کی آواز بند ہونا

تشریح

اس غزل میں شاعر غم زدہ دل کی بے بسی اور تقدیر کے آگے اپنی لاچاری بیان کرتا ہے۔ اس کے نزدیک چمن اور قفس دونوں اس کے لیے یکساں ہیں، اور تدبیر کے باوجود اختیار تقدیر کے ہاتھ میں ہے۔ لہجہ شکوہ اور حسرت آمیز ہے، جس میں عشق کی آزمائشوں سے تھکن جھلکتی ہے۔ مقطع میں شاعر اپنے غم کی طوالت کو انسانی برداشت کی حد کے طور پر پیش کرتا ہے اور دنیا کی بے ثباتی کا ذکر کرتا ہے۔

ایک شعر میں وہ کہتا ہے کہ جب دل قابو میں نہ ہو تو درد دل کا بیان بھی ممکن نہیں، اور اس کا نفس تیغ و تیر سے زیادہ اسے زخمی کرتا ہے۔