غزل 15 اشعار

مانا کہ مرا دل بھی جگر بھی ہے کوئی چیز

Mana Ke Mera Dil Bhi Jigar Bhi Hai Koi Cheez

مانا کہ مرا دل بھی جگر بھی ہے کوئی چیزلیکن وہ نظر تیر نظر بھی ہے کوئی چیز

ممکن نہیں وہ چاہنے والوں کو نہ چاہیںاخلاص و محبت کا اثر بھی ہے کوئی چیز

لٹ جائے کہ رہ جائے رہ عشق و وفا میںدل بھی ہے کوئی مال جگر بھی ہے کوئی چیز

ان سے جو نہ اٹھا تھا اسے اس نے اٹھایاقائل ہیں ملائک کہ بشر بھی ہے کوئی چیز

چھپنے کے لئے شوق سے پردے میں چھپیں آپاتنا رہے معلوم نظر بھی ہے کوئی چیز

یہ کثرت آزار و غم و رنج کہاں تکاے شام شب ہجر سحر بھی ہے کوئی چیز

کہتے ہو ہم آئیں گے مگر ظلم کریں گےسوچو تم اگر تو یہ مگر بھی ہے کوئی چیز

باقی نہ رہی ناوک دل دوز کی حاجتظالم تری سیدھی سی نظر بھی ہے کوئی چیز

نالے سے کہوں گا کہ پہنچ عرش بریں تکاب تیز مسافر یہ سفر بھی ہے کوئی چیز

بیتاب ادھر آپ پریشان ادھر ہمآپس کی محبت کا اثر بھی ہے کوئی چیز

چلتی ہوئی میرے دل بے تاب کو لے کرلاکھوں میں وہ دزدیدہ نظر بھی ہے کوئی چیز

بے کار نہ جائے گا مرے دل کا تڑپنانالہ ہے کوئی شے تو اثر بھی ہے کوئی چیز

آنکھوں کے لئے ذوق نظر بھی ہے کوئی باتپہلو کے لئے درد جگر بھی ہے کوئی چیز

اللہ رے ترے حسن ضیا بار کا جلوہیہ پیش نظر ہو تو نظر بھی ہے کوئی چیز

اے نوحؔ شب ماہ میں پاس اس کو بٹھا کرکہتا ہوں مرا رشک قمر بھی ہے کوئی چیز

— نوح ناروی

فرہنگ

ناوک دل دوز — دل کو چیرنے والا تیر
دزدیدہ نظر — چوری چھپے ڈالی گئی نظر
ملائک — فرشتے

تشریح

اس غزل میں شاعر محبوب کی نظر اور اس کے اثر کو موضوع بناتا ہے اور عشق کے آزار، انتظار اور ناز و انداز کو ایک خاص طنزیہ اور شوخ لہجے میں بیان کرتا ہے۔ مطلع میں وہ دل اور جگر کے ہونے کو تسلیم کرتے ہوئے محبوب کی تیر جیسی نظر کو زیادہ اہم قرار دیتا ہے۔ ایک نمایاں شعر میں وہ کہتا ہے کہ محبوب کی سیدھی سی نظر ہی ناوک دل دوز کی ضرورت ختم کر دیتی ہے، یعنی نگاہ ہی تیر کا کام کر جاتی ہے۔ مجموعی طور پر کلام میں عشق کی شدت کے ساتھ ایک دلچسپ اور شگفتہ انداز نمایاں ہے۔