غزل 11 اشعار

مرے دل کی خطائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

Mere dil ki khatayein bhi qayamat hain qayamat hain

مرے دل کی خطائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیںخطاؤں پر سزائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

کہاں سے میں کہاں آیا کہاں سے دل کہاں پہنچامحبت کی ہوائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

نہیں معلوم کیا روز جزا پیش آنے والا ہےقیامت میں سزائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

کوئی جیتا ہے ان سے اور مرتا ہے کوئی ان پرلگاوٹ کی ادائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

علاج عشق سے اے چارہ گر تکلیف بڑھتی ہےمرے حق میں دوائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

یہی کہتا ہے سن سن کر وہ اہل غم کے نالوں کوفقیروں کی صدائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

ادھر میری طبیعت بھی نہیں رکتی نہیں تھمتیادھر ان کی ادائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

چلو رندوں بڑھو آؤ پیو پھر فصل گل آئییہ ساقی کی صدائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

کہیں ایسا نہ ہو بڑھ جاے پہلے سے جنوں میراگھٹائیں بھی ہوائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

قیامت کے جو منکر ہوں وہ دیکھیں میری آنکھوں سےحسینوں کی ادائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

دم بیداد وہ اے نوحؔ دل میں یہ سمجھ رکھےہماری بد دعائیں بھی قیامت ہیں قیامت ہیں

— نوح ناروی

فرہنگ

چارہ گر — علاج کرنے والا، مداوا کرنے والا
اہل غم — غم زدہ لوگ، دکھی افراد
روز جزا — اعمال کی جزا و سزا کا دن

تشریح

اس غزل میں شاعر نے عشق کے ہاتھوں پیش آنے والی ہر کیفیت کو قیامت سے تعبیر کیا ہے، خواہ وہ خطا ہو، سزا ہو، محبت کی ہوا ہو یا محبوب کی ادائیں۔ ردیف کی تکرار سے شدتِ جذبات اور بے بسی کا اظہار ہوتا ہے۔ مثلاً شاعر کہتا ہے کہ محبوب کی ادائیں بھی قیامت ہیں اور شاعر کی اپنی طبیعت بھی ان ادائوں کے سامنے قرار نہیں پاتی۔ آخری شعر میں شاعر کی بد دعائیں بھی قیامت کہی گئی ہیں، جس سے لہجے میں شکایت اور جذباتی شدت نمایاں ہے۔