غزل 10 اشعار

شکوؤں پہ ستم آہوں پہ جفا سو بار ہوئی سو بار ہوا

Shikwon Pe Sitam Aahon Pe Jafa Sau Bar Hui Sau Bar Hua

شکوؤں پہ ستم آہوں پہ جفا سو بار ہوئی سو بار ہواہر بات مجھے ہر کام مجھے دشوار ہوئی دشوار ہوا

ساقی کی نشیلی آنکھوں سے ساری دنیا سارا عالمبدمست ہوئی بدمست ہوا سرشار ہوئی سرشار ہوا

ہے نام دل مضطر جس کا کہتے ہیں جسے سب جان حزیںمرنے کے لئے مٹنے کے لئے تیار ہوئی تیار ہوا

اظہار محبت بھی ہے غضب اظہار محبت کون کرےحجت ان سے جھگڑا مجھ سے ہر بار ہوئی ہر بار ہوا

دنیا میں بہار اب آ پہنچی مے خانے کا در بھی کھل جائےایک ایک گلی ایک ایک مکاں گل زار ہوئی گل زار ہوا

کیوں رحم وہ ظالم کرنے لگا کیوں موت یہاں تک آنے لگیالفت سے مری صورت سے مری بیزار ہوئی بیزار ہوا

حسرت اپنی ارماں اپنا آزار اپنا تکلیف اپنیہم درد بنی ہم درد بنا غم خوار ہوئی غم خوار ہوا

ملنے سے تنفر تھا جس کو آغوش میں اب وہ سوتا ہےتقدیر مری اقبال مرا بیدار ہوئی بیدار ہوا

مقتل میں جفائیں ڈھانے پر مقتل میں جفائیں سہنے پرقاتل کی نظر بسمل کا جگر تیار ہوئی تیار ہوا

اے نوحؔ یہ کیا سوجھی تم کو طوفان اٹھایا کیوں تم نےساری دنیا سارا عالم بیزار ہوئی بیزار ہوا

— نوح ناروی

فرہنگ

آہوں پہ جفا — آہوں کے جواب میں ظلم
دشوار ہوا — مشکل ہو گیا
سرشار — مست، سرخوش

تشریح

اس غزل میں شاعر نے عشق کی شدت، محبوب کی بے رخی اور عاشق کی بے قراری کو بیان کیا ہے۔ شکوے اور آہیں بے اثر رہتی ہیں اور ہر بات و کام عاشق کے لیے دشوار ہو جاتا ہے۔ ساقی کی نشیلی آنکھوں کا ذکر کر کے شاعر مستی اور سرشاری کا رنگ پیدا کرتا ہے۔ آخری شعر میں شاعر اپنے آپ سے سوال کرتا ہے کہ اس نے یہ طوفان کیوں اٹھایا، جس سے پوری دنیا بیزار ہو گئی۔ لہجہ بے بسی، حسرت اور خود کلامی کا ہے۔