غزل 14 اشعار

تاب نہیں سکوں نہیں دل نہیں اب جگر نہیں

Taab nahin sukoon nahin dil nahin ab jigar nahin

تاب نہیں سکوں نہیں دل نہیں اب جگر نہیںاپنی نظر کدھر اٹھے کوئی ادھر ادھر نہیں

روز شب اٹھتے بیٹھتے ان کی زبان پر نہیںکوئی نہیں کی حد نہیں شام نہیں سحر نہیں

کوئی یہاں سے چل دیا رونق بام و در نہیںدیکھ رہا ہوں گھر کو میں گھر ہے مگر وہ گھر نہیں

اتنی خبر تو ہے ضرور لے گئے دل وہ چھین کرکیا ہوا اس کا پھر مآل اس کی مجھے خبر نہیں

کیوں وہ ادھر ادھر پھرے کیوں یہ حدود میں رہےتیری نظر تو ہے نظر میری نظر نظر نہیں

مجھ سے بگڑ کر اپنے گھر جائیے خیر جائیےآپ نے یہ سمجھ لیا آہ میں کچھ اثر نہیں

دیر کو ہم گھٹائیں کیوں کعبہ کو ہم بڑھائیں کیوںکیا ہے خدا کا گھر یہی کیا وہ خدا کا گھر نہیں

پردے سے باہر آئیے رخ سے نقاب اٹھائیےتاب جمال لا سکے اتنی مری نظر نہیں

مجھ کو خیال روز و شب خاک رہے مزار میںایسی جگہ ہوں جس جگہ شام نہیں سحر نہیں

تیغ کہو سناں کہو قہر کہو بلا کہواہل نظر کی راے میں ان کی نظر نظر نہیں

ڈر گئے اہل انجمن تیر جو آپ کا چلااس نے کہا ادھر نہیں اس نے کہا ادھر نہیں

روز کے غم نے اس طرح خوگر ضبط غم کیادرد ہمارے دل میں ہے شکوہ زبان پر نہیں

پوچھتے ہیں وہ حال دل طول سخن سے فائدہسو کی یہ ایک بات ہے کہہ دوں مجھے خبر نہیں

ان میں کچھ اور بات تھی ان میں کچھ اور بات ہےحضرت نوحؔ کا گماں حضرت نوح پر نہیں

— نوح ناروی

فرہنگ

سکوں نہیں — چین اور قرار نہیں
رونق بام و در — گھر کی رونق اور آرائش
مآل — انجام یا نتیجہ

تشریح

اس غزل میں شاعر نے بے تابی، بے قراری اور محبوب کی بے اعتنائی کا بیان کیا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ اب نہ دل میں سکون ہے نہ جگر میں طاقت، اور دل کے چھن جانے کا احساس بھی باقی ہے۔ لہجہ شکوہ آمیز اور دھیما ہے، جس میں محبوب سے گلہ بھی ہے اور اس کی ادا پر حیرانی بھی۔ ایک نمایاں شعر میں شاعر کہتا ہے کہ مجھ سے ناراض ہو کر جانا ہے تو چلے جائیے، مگر آپ نے یہ سمجھ لیا کہ میری آہ میں کچھ اثر نہیں، جو شکایت کا پہلو نمایاں کرتا ہے۔