غزل 12 اشعار

واہ یہ لطف سوز الفت کس کی بدولت دل کی بدولت

Waah yeh lutf-e-soz-e-ulfat kis ki badaulat dil ki badaulat

واہ یہ لطف سوز الفت کس کی بدولت دل کی بدولتدوزخ بھی ہے مجھ کو جنت کس کی بدولت دل کی بدولت

دل میں ہے داغوں کی کثرت کس کی بدولت دل کی بدولتایسی دولت اتنی دولت کس کی بدولت دل کی بدولت

سب سے الفت سب کی حسرت کس کی بدولت دل کی بدولتڈاواں ڈول ہے میری نیت کس کی بدولت دل کی بدولت

پیش نظر رہتے ہیں باہم پھرتے ہیں آنکھوں میں ہر دمحسن کثرت نور وحدت کس کی بدولت دل کی بدولت

ان کو بھی ہے میرا سودا اور مجھے بھی سودا ان کاایک ہوئی دونوں کی صورت کس کی بدولت دل کی بدولت

دیکھ لیا کرتا ہوں اکثر یہ بھی عالم وہ بھی منظرشام فرقت صبح قیامت کس کی بدولت دل کی بدولت

کرتا ہوں میں اپنا ماتم آتی ہے الفت میں پیہمکس پر آفت مجھ پر آفت کس کی بدولت دل کی بدولت

میں جو نہ بزم ناز میں جاتا کیوں غمزہ مجھ کو تڑپاتاہنستے بولتے آ گئی شامت کس کی بدولت دل کی بدولت

اہل وفا نے مجھ کو جانا اہل جفا نے بھی پہچانایہ ہے عزت یہ ہے شہرت کس کی بدولت دل کی بدولت

کیا ہو قصد نکل جانے کا گھر پا کر اب شاد ہے کیا کیاارماں ارماں حسرت حسرت کس کی بدولت دل کی بدولت

اکثر مٹنا اکثر ابھرنا اکثر جینا اکثر مرنارہتی ہے یہ میری صورت کس کی بدولت دل کی بدولت

اٹھتے بیٹھتے رونا دھونا اشکوں سے دنیا کو ڈبونانوحؔ یہ ہے طوفان کی شدت کس کی بدولت دل کی بدولت

— نوح ناروی

فرہنگ

سوز الفت — محبت کی جلن اور تپش
حسن کثرت نور وحدت — کثرت میں حسن اور وحدت میں نور
شام فرقت — جدائی کی شام

تشریح

اس غزل میں شاعر دل کے باعث پیش آنے والی الفت، کسک اور کیفیات کا ذکر کرتا ہے۔ ہر شعر کے آخر میں "کس کی بدولت دل کی بدولت" کا سوال دہرایا گیا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ عشق کی سب کیفیات، کبھی جنت کبھی دوزخ، کبھی شادی کبھی ماتم، کا سبب دل ہی ہے۔

شاعر کا لہجہ حیرت، شکایت اور دھیمے طنز کا ہے۔ مثلاً "ان کو بھی ہے میرا سودا اور مجھے بھی سودا ان کا" میں باہمی الفت کا اظہار ہے، جبکہ "اٹھتے بیٹھتے رونا دھونا اشکوں سے دنیا کو ڈبونا" میں غم کی شدت بیان ہوئی ہے۔ آخری شعر میں یہی غم طوفان کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔