22 اشعار

ایک دل ہمدم مرے پہلو سے کیا جاتا رہا

Ek Dil Hamdam Mere Pehlu Se Kya Jaata Raha

ایک دل ہمدم مرے پہلو سے کیا جاتا رہا

«ایک دل ہمدم مرے پہلو سے کیا جاتا رہا» امیر مینائی کا کلام ہے، جسے ثاقب فردوس نے سحرِ بیاں کی ایکس سپیس «ناخدا جن کا نہیں ان کا خدا ہوتا ہے امیر مینائی» میں 5 جنوری 2026 کو اپنی آواز میں پیش کیا۔ ریکارڈنگ کا دورانیہ 3 منٹ 38 سیکنڈ ہے۔

ایک دل ہمدم مرے پہلو سے کیا جاتا رہاسب تڑپنے تلملانے کا مزا جاتا رہا

سب کرشمے تھے جوانی کے جوانی کیا گئیوہ امنگیں مٹ گئیں وہ ولولہ جاتا رہا

درد باقی غم سلامت ہے مگر اب دل کہاںہائے وہ غم دوست وہ درد آشنا جاتا رہا

آنے والا جانے والا بے کسی میں کون تھاہاں مگر اک دم غریب آتا رہا جاتا رہا

آنکھ کیا ہے موہنی ہے سحر ہے اعجاز ہےاک نگاہ لطف میں سارا گلا جاتا رہا

مر گیا میں جب تو ظالم نے کہا افسوس آجہائے ظالم ہائے ظالم کا مزا جاتا رہا

درد باقی داغ باقی دل ہی پہلو میں نہیںرہ گئے نا آشنا سب آشنا جاتا رہا

جھوٹے وعدوں سے وہ راحت کا سہارا بھی گیاوائے قسمت یاس کا بھی آسرا جاتا رہا

بے تکلف نشۂ مے نے تو ان کو کر دیاپردہ شرمیلی نگاہوں کا مزا جاتا رہا

شربت دیدار سے تسکین سی کچھ ہو گئیدیکھ لینے سے دوا کا درد کیا جاتا رہا

مجھ کو گلیوں میں جو دیکھا چھیڑ کر کہنے لگاکیوں میاں کیا ڈھونڈتے پھرتے ہو کیا جاتا رہا

نیند بھی فرقت میں کھا بیٹھی ہے آنے کی قسمخواب میں بھی دیکھنے کا آسرا جاتا رہا

جب تلک تم تھے کشیدہ دل تھا اشکوں سے بھراتم گلے سے مل گئے سارا گلا جاتا رہا

مرگ دشمن پر کف افسوس تم ملتے تو ہوپھر ملو گے ہاتھ لو رنگ حنا جاتا رہا

شیخ جی ہیں اور شب بھر دخت رز سے اختلاطوہ تقدس ہو چکا وہ التقا جاتا رہا

شوخیاں رگ رگ میں ہیں جمتا وہاں کس کا ہے رنگآتے آتے ہاتھ میں رنگ حنا جاتا رہا

ہائے وہ صبح شب وصل ان کا کہنا شرم سےآپ جب آئے تو دل سے مدعا جاتا رہا

دل وہی آنکھیں وہی لیکن جوانی وہ کہاںہائے اب وہ تاکنا وہ جھانکنا جاتا رہا

میں نے چھاتی سے لگا کر جس کو رکھا عمر بھرہائے وہ نازوں کا پالا دل مرا جاتا رہا

گھورتے دیکھا جو ہم چشموں میں جھنجھلا کر کہاکیا لحاظ آنکھوں کا بھی او بے حیا جاتا رہا

کیا بری شے ہے جوانی رات دن ہے تاک جھانکڈر بتوں کا اک طرف خوف خدا جاتا رہا

کھو گیا دل کھو گیا رہتا تو کیا ہوتا امیرؔجانے دو اک بے وفا جاتا رہا جاتا رہا

— امیر مینائی

کس نے پڑھا

یہ کلام محفلوں میں